اڈیالہ کے باہر تماشہ کرنے والوں کو قانون کی عملداری بتائیں گے: طلال چودھری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پشاور میں جلسے نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی ساری باتیں سچ ثابت کر دیں، اداروں کے خلاف استعمال ہونے والی زبان کھینچ لی جائے گی، اب اڈیالہ کے باہر آئیں۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ کل پشاور میں پی ٹی آئی نے جلسہ کیا، لوگ سمجھ رہے تھے پی ٹی آئی اپنی 13سالہ کارکردگی کے بارے بات کرے گی، جلسے میں گالم،گلوچ اورتنقید کے علاوہ کچھ نہیں کہا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ کل پی ٹی آئی کے جلسے میں ثابت ہوگیا ڈی جی آئی ایس پی آر کی ساری باتیں سچ اورحقیقت ہیں، فوج سیاست میں مداخلت نہیں کررہی، آپ اپنی سیاست چمکانے کیلئے بار بار فوج اوراس کے سربراہ کو سیاست میں لاتے ہیں، اب انتشار برداشت نہیں کیا جائے گا، اداروں کا تحفظ حکومت پر فرض ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے ادارے کو جواب دینے پر خود مجبور کیا، فوج اور اس کے سربراہ نےبہت لمبے عرصے صبر اوردرگزر سے کام لیا، پی ٹی آئی نے کبھی اسرائیل ،بھارت کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا، پی ٹی آئی نے ہمیشہ دہشتگردوں کیلئے نرم رویہ رکھا۔

طلال چودھری کا کہنا ہے کہ جب ساری تنقید فوج اوراس کے سربراہ پر ہوتو جواب تو بنتا ہے، حکومت نے کئی بار پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ میں بات چیت کی دعوت دی، پی ٹی آئی کو بات چیت کی دعوت دینے پر آج ہمیں خودشرمندگی ہورہی ہے۔

وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کی بانی کے سامنے بنی گالہ کے شیرو سے زیادہ حیثیت نہیں، بانی کے اپنے بچے آج بھی گولڈسمتھ کی گود میں پل رہے ہیں، کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار میں پہنچنے کے بعد خود کو عقل کل سمجھنے والا ذہنی مریض ہی ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو ہری پور میں الیکشن نہیں جیت سکے وہ لاہور یا باقی جگہ الیکشن کیا جیتیں گے، ضمنی الیکشن ہارنے پر تنقید آپ ادارے اوراس کے سربراہ پر کرتے ہیں، بات ناقابل برداشت حد تک چلی گئی،اب منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

طلال چودھری نے خبردار کیا کہ جو زبان اداروں اوران کے سربراہوں کے خلاف استعمال ہوگی اس کو کھینچ لیا جائے گا، مذاکرات کی دعوت نہیں، اب بدزبانی کرنے والے کی زبان کھینچ لی جائے گی، اب آکر کریں اڈیالہ کے باہر تماشہ ،سیاسی شعبدہ بازی، بتایا جائے گا کہ اب کیسے قانون کی عملداری کی جاتی ہے۔

وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ بدامنی کریں،امن وامان کا مسئلہ پیدا کریں، اڈیالہ میں اور بھی بہت سارے قیدی ہیں ان کی زندگیوں کو خطرے میں نہیں ڈالا جاسکتا، اب یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ ملاقات کے بعد باہر آکر دشمن کی زبان بولیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں