پاکستان عوام کا ، کسی سیاستدان، بیوروکریٹ کا نہیں، حافظ نعیم

پاکستان عوام کا ، کسی سیاستدان، بیوروکریٹ کا نہیں، حافظ نعیم

عوام حق کے لیے مٹھی بھر حکمران اشرافیہ کے خلاف متحد ہوجائیں، امیرجماعت اسلامی بنوقابل کے ذریعے دس لاکھ نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کرائے جائیں گے ، خطاب

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے حکمران نوجوانوں کو جمہوری آزادیاں، تعلیم، روزگار دیں، ریاست کو اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔ مخصوص طبقہ قوم کو تقسیم کرکے ملک پر قابض ہے ، عوام اپنے حق کے لیے مٹھی بھر حکمران اشرافیہ کے خلاف متحد ہوجائیں،پاکستان کسی سیاستدان، جنرل یا بیوروکریٹ کانہیں، عوام ملک کے مالک ہیں۔ اگر حکمران نوجوانوں کو حقوق نہیں دے رہے تو یہ مایوس نہ ہوں، فرسودہ نظام اور اس کے پہرے داروں کے خلاف آواز بلند کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بنوقابل کے ذریعے آئندہ دوبرس میں دس لاکھ نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کرائے جائیں گے ، بنوقابل کے دائرہ کار کو ملک بھر میں توسیع دے کر ڈگری پروگرام بھی شروع کیا جائے گا، بنوقابل سے آئندہ دو تین برس میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں تین سے چار ارب ڈالر کا اضافہ ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمن نے سوال کیا کہ اگر صرف الخدمت اتنے بڑے پیمانے پر نوجوانوں کو مفت تعلیم دے سکتی ہے تو حکومت یہ ذمہ داری کیوں نہیں اٹھاتی، معیاری اور مفت تعلیم ہر شہری کا حق ہے ۔ ملک میں پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، صرف پنجاب میں ایک کروڑ بچے سکول نہیں جارہے ، ن لیگ صوبہ پر چالیس برس سے حکومت کررہی ہے ، پڑھا لکھا پنجاب کا نعرہ کہاں گیا؟ ، وزیراعلیٰ پنجاب عوام کے پیسوں سے ذاتی تشہیر کی بجائے عوام کو ان کا حق دیں، جماعت اسلامی عوام کو حقوق دلائے گی،تعلیم، آئی ٹی، صحت، کھیل سمیت ہر میدان میں آگے بڑھنے کے لیے نوجوانوں کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔ نوجوان ملک سے مایوس نہ ہوں، اپنے دین اور ملک پر فخر کریں۔ انہوں نے نوجوانوں اور فیصل آباد کے عوام کو21،22،23نومبر کو مینارپاکستان پر اجتماع عام میں شرکت کی دعوت دی اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ تاریخی اجتماع ملک میں تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں