پختو نخوا :دوسرے روز بھی پولیو ٹیم پر فائرنگ ، پولیس اہلکار شہید
پشاور (اے ایف پی ،اے پی پی)صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے تھانہ نظام پور کی حدود میں گاؤں کاہی میں شرپسندوں کی فائرنگ سے پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس کانسٹیبل مقصود شہید ہوگیا۔
ریسکیو 1122 نوشہرہ کے مطابق شہید پولیس اہلکار کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔پولیس کے مطابق 2مسلح دہشت گردوں نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کی ، پولیو ٹیم محفوظ رہی۔عالمی خبررساں ادارے کے مطابق حملے کی ذمہ داری اتحاد المجاہدین پاکستان نامی عسکریت پسند گروپ نے قبول کی ہے جو تحریک طالبان پاکستان کی ایک شاخ ہے ۔واضح رہے کہ ایک روز قبل سوات میں بھی پولیوٹیم پر فائرنگ میں ایک اہلکار شہید ہوگیاتھا۔