طورخم بارڈر : 9 روزہ بند ش کے بعد تجارت بحالی کی تیاریاں
کارگو کلیئرنس کیلئے سکینر طورخم ٹرمینل پہنچادئیے گئے ،کسٹم ذرائع
کوئٹہ (سٹاف رپورٹر)پاک افغان کشیدگی کے باعث بند ہونے والی طورخم بارڈر پر تجارتی راہداری بحال کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔کسٹم ذرائع کے مطابق طورخم سرحدی گزرگاہ 9 روز قبل ہرقسم کی آمدورفت کے لئے بند کردی گئی تھی جسے اب کھولنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں کسٹم ذرائع کا بتانا ہے کہ کارگو گاڑیوں کی کلیئرنس کے لیے سکینر طورخم ٹرمینل پہنچادئیے گئے ہیں اور کسٹم حکام نے عملے کو فوری طور پر طورخم ٹرمینل پہنچنے کی ہدایت کی ہے ۔خیال رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ تنائو کے باعث طورخم تجارتی گزرگاہ ہرقسم کی آمدورفت کے لیے بند کردی گئی تھی۔افغانستان جانے والے پھل، سبزی اور دیگراشیا سے بھری درجنوں گاڑیاں پاکستانی حدود میں موجود تھیں جب کہ شمالی وزیرستان سے غلام خان اور جنوبی وزیرستان سے انگور اڈا سرحد کو بھی بند کردیا گیا تھا۔