سعد رضوی کی جائیدادیں سیل، فنڈنگ کرنیوالے 4 ہزار 300 افراد کے بینک اکائونٹس منجمد
دوبارہ فنڈنگ کرنے پر دہشتگردی کے مقدمات درج کئے جائیں گے ،مساجد اوقاف کو دیں گے :وزیراطلاعات پنجاب سعد کے 95بینک اکاؤنٹس سربمہر،پناہ دینے والوں سے تحقیقات کر رہے ، کسی قبر کو منتقل نہیں کیا جا رہا:عظمیٰ بخاری
لاہور (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سعد رضوی کے نام پر موجود 95 بینک اکاؤنٹس اور ان کی منقولہ و غیرمنقولہ جائیدادیں سیل کر دی گئی ہیں جبکہ فنڈنگ کرنے والے 4 ہزار 300 افراد کے اکاؤنٹس بھی منجمد کر دیے گئے ہیں، دوبارہ فنڈنگ کرنے پر دہشتگردی کے مقدمات درج کئے جائینگے ،مساجد اوقاف کو دینگے ، ۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعت کی قیادت کو تین درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ مریدکے آپریشنز کے دوران تین عام شہری شہید اور 48 زخمی ہوئے ، جب کہ 118 پولیس اہلکار گولیوں سے زخمی ہوئے ۔ مظاہرین کے قبضے میں آٹھ پولیس وینز اور اسلحہ آیا جسے پولیس پر حملوں میں استعمال کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر جھوٹی مہم چلائی جا رہی ہے اور سیف سٹی کیمروں کو نقصان پہنچا کر شواہد مٹانے کی کوشش کی گئی۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ سعد رضوی کے گھر سے 1 کلو 920 گرام سونا، 898 گرام چاندی اور 28 سونے کے کنگن برآمد ہوئے ۔ ان کے ہیڈکوارٹرز کے اردگرد بے نامی جائیدادیں خریدی گئیں اور ایک وفادار ٹیم کو رہائش فراہم کی گئی تھی۔ سیاستدانوں اور صحافیوں کو دھمکانے کے لیے منظم سیل بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ کسی کی قبر منتقل نہیں کی جا رہی، البتہ قبر کے نام پر چندہ یا اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صوبے بھر میں 330 مساجد کا کنٹرول محکمہ اوقاف نے سنبھال لیا ہے ، جہاں نماز باقاعدگی سے ادا ہو رہی ہے ۔ اس جماعت کے 223 مدارس کی جیوٹیگنگ مکمل ہو گئی ہے جبکہ چھ مدارس سرکاری زمین پر تعمیر کیے گئے تھے ۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ دہشت گردی سے متعلق 33 مقدمات میں نامزد افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور وفاقی حکومت کو اس مذہبی جماعت پر پابندی کی سفارش کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے بیرونِ ملک عناصر بھی اس معاملے میں مداخلت کر رہے ہیں، ‘‘یہ تحریک فساد اور دہشت گرد گروہ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں’’۔انہوں نے واضح کیا کہ رضوی برادران کو پناہ دینے والوں سے تحقیقات جاری ہیں۔