کوئٹہ : ٹرک کے فیول ٹینک سے 18 ارب روپے کی کرسٹل آئس برآمد
تافتان سے کوئٹہ آنیوالے ٹرک کے فیول ٹینک کے ڈبوں میں بند300کلوکرسٹل آئس میتھامفیٹامین پکڑی گئی ڈرائیوربابل اوراسکاساتھی امین گرفتار،ملزم کسٹمز انفورسمنٹ عملہ کومطمئن نہ کرسکے ،مقدمہ درج،تفتیش جاری
کوئٹہ (دنیارپورٹ)کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے اربوں روپے مالیت کی کرسٹل آئس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی،کلکٹر کسٹمز (انفورسمنٹ) کوئٹہ کی مصدقہ اطلاع پر جو ایڈیشنل کلکٹر کے ذریعے موصول ہوئی اسسٹنٹ کلکٹر فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ نوشکی نے اپنے عملے کو تافتان سے کوئٹہ کی جانب آنے والے ایک ٹرک کو روکنے کی ہدایت کی ۔ ٹرک کے پچھلے حصے کے نیچے نصب تبدیل شدہ فیول ٹینک برآمد ہوا جس کی جانچ پڑتال پر ڈبوں میں بند مشکوک سامان برآمد ہوا۔ گاڑی میں موجود دو افراد سامان کے بارے میں کوئی اطمینان بخش وضاحت پیش نہ کر سکے ، ڈرائیور نے اپنا نام با بل ولد دل مراد ،دوسرے شخص نے نام امین بلوچ ولد حسین سکنہ ہوشاب تحصیل کیچ تربت بتایا، ان ڈبوں سے 300 کلوگرام منشیات (کرسٹل / آئس میتھامفیٹامین برآمد ہوئی، مالیت کا تخمینہ18,653,046,300روپے لگایا گیا)ہے ،جبکہ سمگلنگ میں استعمال ہونے والے ٹرک کی مالیت کا تخمینہ 80 لاکھ روپے لگایا گیا ہے ۔ گرفتارملزموں ڈرائیور با بل اورساتھی امین بلوچ کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ۔