کشمیر پر بھارتی قبضے کو 78 سال مکمل ، دنیا بھر میں یوم سیاہ آج منایا جائیگا : آزادی زیادہ دور نہیں: صدر ، وزیراعظم
مقبوضہ وادی سمیت دنیا بھر میں مکمل ہڑتال و احتجاجی مظاہر ے ہونگے ، آج صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جا ئے گی کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے :زرداری ، شہباز، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے ، بیرسٹر سلطان، یوسف رضا و دیگر
اسلام آباد،راولپنڈی ، مظفر آباد، سرینگر(نامہ نگار،اپنے رپورٹرسے ، نیوزرپورٹر،نیوزایجنسیاں ) مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کو78سال مکمل ہوگئے ، کنٹرول لائن کے دونوں ا طرف اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج بھارتی جارحیت کیخلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں جس کا مقصدر دنیا کو باور کرانا ہے کہ بھارت نے ان کے مادر وطن پر غیر قانونی طورپر انکی خواہشات کے برخلاف قبضہ کر رکھا ہے ۔یوم سیاہ کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی جائے گی اور احتجاجی مظاہر ے ہونگے ۔صدرا ٓصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغامات میں کہا کہ کشمیر کی آزادی زیادہ دور نہیں،عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں بھارت کو مقبوضہ علاقے میں جاری سنگین اور منظم انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرائیں، بھارتی مظالم کا فوری خاتمہ یقینی بنائیں اور اس دیرینہ تنازع کے حل کے لیے موثر کردار ادا کریں۔یوم سیاہ پر پورے ملک میں آج صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، یوم سیاہ پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا حکومت نے بھی کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے 27 اکتوبر کو ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی اور وادی کو سکیورٹی قلعہ میں تبدیل کردیا گیا ۔ سرینگر ، بارہمولہ ،پلوامہ ، اسلام آباد،کولگام ، کپواڑہ اور مقبوضہ کشمیر کے دیگر حصوں میں پوسٹرز چسپاں کیے گئے ہیں جن میں کشمیریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف مکمل ہڑتال کریں۔ آزاد کشمیر ، پاکستان اور دنیا بھرمیں احتجاجی مارچ، ریلیاں اور سیمینار منعقد کئے جائیں گے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ اقوام عالم سے مطالبہ کیا جائے گا کہ کشمیریوں سے کیے وعدوں پر عملدرآمد کروایا جائے ۔ صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد میں ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ہمیشہ ان کا ساتھ دے گی ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے بارے میں بہت واضح، غیر متزلزل اور اصولی موقف رکھتا ہے ۔ میں کشمیری عوام کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ وہ اپنی اس جدوجہد میں اکیلے نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانی پرعزم عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اوراپنے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ کشمیری عوام کے ساتھ جڑے رہیں گے جب تک انکو انصاف پرمبنی اور بین الاقوامی برادری کا حمایت یافتہ حق خود ارادیت نہیں مل جاتا اور انشائاللہ وہ دن زیادہ دور نہیں۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم اوورسیز کشمیری ہندوستان کے ظالمانہ اور سفاکانہ چہرے کو بے نقاب کریں۔خطے میں پائیدارامن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کوکشمیر ی عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے ۔ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرواتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا مسلمہ حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنا عملی کردار ادا کرے ۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اورسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیمِ ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے ، اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے اس کا منصفانہ حل ناگزیر ہے ۔ اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری فلسطین، غزہ اور مقبوضہ جموں و کشمیر جیسے دیرینہ تنازعات کے پرامن حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے ۔