گورو نانک کا جنم دن :سکھ یاتریوں کی آمد ، واہگہ پر شاندار استقبال

گورو نانک کا جنم دن :سکھ یاتریوں کی آمد ، واہگہ پر شاندار استقبال

پاکستان میں ہمیشہ عزت و احترام ملا:کلدیپ سنگھ، رویندر سنگھ ،بی بی گوریندر کور ننکانہ صاحب میں آج مرکزی تقریب ہوگی ،وزیر اعظم کی سکھ برادری کو مبارکباد

لاہور،اسلام آباد(خبر نگار،نامہ نگار)سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے تقریباً 2100 بھارتی سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے ، واہگہ بارڈر پرپردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور دیگر حکام نے یاتریوں کا شاندار استقبال کیا اورانہیں گلدستے پیش کئے ۔واہگہ بارڈر پر اکال تخت کے جتھہ دار کلدیپ سنگھ،دہلی گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے جتھہ لیڈر رویندر سنگھ اورشرومنی گورو دوارہ پربندھک کمیٹی کی جتھ لیڈر بی بی گوریندر کور نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ عزت و احترام سے نوازا جاتا ہے ،ہم حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں ۔ بابا گورو نانک کے جنم دن کی مرکزی تقریب آج 5 نومبر کو گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی ۔ادھر وزیراعظم  شہباز شریف نے بابا گرو نانک کے 556 ویں یوم ولادت پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ میں پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والی سکھ برادری کو پرخلوص اور دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں ، آئیے دنیا کو اتحاد ویگانگت، باہمی عزت اور امن کا گہوارہ بنائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں