پی آئی اے انتظامیہ کی ائیر کرافٹ انجینئرز کو مذاکرات کی پیشکش
لاہور،کراچی(نیوزرپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) قومی ائیرلائن کی انتظامیہ نے احتجاج پر موجود ائیر کرافٹ انجینئرز کو مذاکرات کی پیشکش کردی اور انجینئرز سے ضروری پروازوں کی کلیئرنس کرنے کی بھی درخواست کی ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیرکرافٹ انجینئرز نے معاملات حل ہونے تک صرف ضروری پروازوں کی کلیئرنس کی یقین دہانی کرائی ہے جس کے بعد بدھ کو قومی ائیرلائن کی تمام پروازیں بروقت کلیئرنس کے باعث وقت پر روانہ ہوئیں۔واضح رہے تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے پر قومی ائیرلائن کے ائیرکرافٹ انجینئرز نے احتجاج شروع کررکھاہے ۔قبل ازیں احتجاج کے باعث دوسرے روز بھی ملکی ایئرپورٹس پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔ لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 303 منسوخ کردی گئی، جبکہ کراچی جانے والی پی کے 305 چھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔دمام سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 248 بائیس گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی جبکہ کراچی سے لاہور آنے والی پروازیں پی کے 302 اور پی کے 306 بھی منسوخ کردی گئیں۔کراچی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 304 دس گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔