ای سی پی کا اسلام آباد بلدیاتی الیکشن کیس 13نومبر کو سننے کا فیصلہ

ای سی پی کا اسلام آباد بلدیاتی الیکشن  کیس 13نومبر کو سننے کا فیصلہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا کیس 13 نومبر کو سننے کا فیصلہ کیا ہے ۔

اسلام آباد میں مقامی حکومتوں کے الیکشن کا معاملہ کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا۔ الیکشن کمیشن حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے سیکشن 15 میں ترمیم درکار ہے ، اس کے لیے کئی بار الیکشن کمیشن وزارت داخلہ کو تحریر کرچکا ہے ۔ وزارت داخلہ کی طرف سے آخری مراسلہ مورخہ 23 اکتوبر 2025ء کو الیکشن کمیشن کو موصول ہوا۔ وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو بتایا گیا ترمیمی بل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اجلاس میں 21 اکتوبر کو پیش کیا گیا، کمیٹی نے بل کو مزید غور کیلئے موخر کردیا۔اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے کیس کو 13 نومبر کو الیکشن کمیشن کے سامنے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔ سماعت میں الیکشن کمیشن کی طرف سے مجوزہ ترامیم اور اسلا م آباد لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد سے متعلق سیکشن 219(3) کے تحت وزارت داخلہ اور اسلام آباد انتظامیہ سے مشاورت ہوگی۔ اس سلسلے میں سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں