جولائی تاستمبر:گردشی قرض میں 79 ارب روپے کا اضافہ
ستمبر 2025تک بجلی شعبے کا گردشی قرضہ 1693ارب روپے ہوگیا گردشی قرضے کا صحیح تعین مالی سال کے اختتام پر ہی ہو سکتا،ترجمان پاور ڈویژن
اسلام آباد(اسلم لُڑکا) جون 2025 کے مقابلے میں جولائی سے ستمبر تک بجلی کے شعبے کے گردشی قرض میں 79 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا، ستمبر 2025 تک بجلی شعبے کا گردشی قرضہ 1693 ارب روپے ہوگیا۔بجلی شعبے کے گردشی قرض پر پاور ڈویژن کی رپورٹ سامنے آگئی، رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ جون2025 تک بجلی کے شعبے کا حجم 1614 ارب روپے تھا، ستمبر 2024 کے مقابلے ستمبر 2025 تک بجلی کا سرکلر ڈیٹ 774 ارب روپے کم ہوا، ستمبر2024 تک توانائی شعبے کا گردشی قرضہ 2 ہزار 467 ارب روپے تھا۔علاوہ ازیں ترجمان پاور ڈویژن نے گردشی قرضے سے متعلق جاری اپنے بیان میں کہا کہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 79ارب کا گردشی قرضے میں اضافہ عارضی اور سیزنل ہے ۔اس عارضی اضافے کا بجلی صارفین کے ٹیرف پر کوئی اثر نہیں ہے ، یہ تاثر کہ گردشی قرضے میں پھر اضافہ شروع ہوگیا ہے درست نہیں ۔ پچھلے سال پہلی سہ ماہی میں 73ارب روپے کا ضافہ ہوا تاہم مالی سال کے اختتام پر 780ارب روپے کم ہوئے ۔ ترجمان کے مطابق گردشی قرضے کے حجم کا صحیح تعین مالی سال کے اختتام پر ہی ہو سکتا ہے ۔