عرفان صدیقی سپردخاک،وزیراعظم کی گھرجاکراہلخانہ سے تعزیت

عرفان صدیقی سپردخاک،وزیراعظم کی گھرجاکراہلخانہ سے تعزیت

مرحوم نے ہر دور میں اصول، برداشت اور مہذب سیاست کی مثال قائم کی:شہبازشریف

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نامہ نگار)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی کو اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا۔نماز جنازہ میں وفاقی وزرا ، ارکان پارلیمنٹ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی کی نماز جنازہ حافظ نسیم خلیل نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں مرحوم کے بیٹے عمران صدیقی، نعمان صدیقی ، بھائی شاہد صدیقی، وفاقی وزرااعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، عطااللہ تارڑ، امیر مقام، ڈاکٹر طارق فضل چودھری، حنیف عباسی، چودھری سالک حسین،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر،وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق فاطمی، پارلیمانی سیکرٹری دانیال چودھری، ارکان پارلیمنٹ،مسلم لیگ ن کے کارکنوں،صحافیوں، ادیبوں، اساتذہ اور طلبہ سمیت مختلف مکاتب فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے مرحوم عرفان صدیقی کی سیاسی، علمی اور صحافتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

مرحوم عرفان صدیقی کو ایچ الیون قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف کی مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی مرحوم کے گھر آمد،وزیر اعظم نے مرحوم کے بڑے بیٹے عمران صدیقی اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کے بعد ان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا،وزیراعظم کے ہمراہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے ، وزیراعظم نے کہا کہ عرفان صدیقی مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف اور پارٹی کے دیرینہ ساتھی تھے ،میرے ساتھ ان کا عزت و احترام کا رشتہ تھااور وہ انتہائی شفیق انسان تھے ،عرفان صدیقی نے ہر دور میں اصول، برداشت، تحمل اور مہذب سیاست کی مثال قائم کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں