اے اللہ امت کی پریشانیاں دور فرما،مسلمان ملکوں میں اتحاد پیدا کردے:رائیونڈ اجتماع کی رقت امیز دعا
نماز فجرکے بعد مولا ناعبدالرحمن کا روح پرور بیان، 1گھنٹہ 20منٹ کی اختتامی دعا مولانا ابراہیم دیولہ نے کرائی آخری روز شرکا کی تعداد 7لاکھ ، تبلیغی مرکز کے 200 طلبا و طالبات کے اجتماعی نکاح پڑھا ئے گئے
رائیونڈ ،لاہور (آئی این پی ،آن لائن،سیاسی نمائندہ )رائیونڈ میں 2025 کے سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ آہوں، سسکیوں اوررقت آمیز دعاکے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ مولانا ابراہیم دیولہ آف انڈیانے ایک گھنٹہ 20منٹ تک دعاکرائی،اختتامی دعا صبح8بجکر 25منٹ سے شروع ہو کر 9بجکر 45منٹ تک جاری رہی ۔ حضرت مولانا ابراہیم دیولہ نے رقت آ میز دعا میں کہا کہ اے اللہ ساری دنیا کو دین کا پیروکار بنادے ، اپنے آقاؐ کی سنتوں کا پابند بنادے ، تو بخشنے والا ، تیرے سوا ہمارا کوئی نہیں، ہماری توبہ قبول فرما،مسلمان ملکوں میں اتحاد اور امن کی فضا پیدا کر دے ، اے اللہ مسجد اقصیٰ کو یہودو ہنود کے چنگل سے آزاد فرما کر امت مسلمہ کی عبادت کی آماجگاہ بنادے ، اے اللہ امت کو پریشانیوں سے نکال دے ،پوری دنیا میں دینی مدارس کی حفاظت فرما،یااللہ ہمارے گناہوں کو معاف فرما ،دعوت و تبلیغ کے کام کو پوری دنیا میں پھیلا دے ۔
واضح رہے پنڈال بھر جانے کی وجہ سے ہزاروں افراد نے سڑک پر بیٹھ کر اختتامی دعا میں شرکت کی،شرکا اشکبار آنکھوں کے ساتھ اپنے گناہوں کی معافی اور بخشش مانگتے رہے ، اجتما ع کے آخری روز شرکا کی تعداد 7لاکھ سے تجاوز کرگئی،اجتماع گاہ کو چاروں اطراف سے پولیس اور کمانڈوزنے گھیرے میں لے رکھاتھا، تمام راستوں کی سکیورٹی انتہائی سخت تھی۔قبل ازیں گزشتہ روز بعد نماز فجر حضرت مولا عبدالرحمن نے روح پرور بیان میں کہا کہ بھائیو امر بالمعروف اورنہی عن المنکر کرتے رہو دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو جا ؤگے ، اللہ سے توبہ کرکے دنیا سے منہ موڑ کر اللہ تعالیٰ سے ناطہ جوڑ لو وہ بخشنے والا مہربان ہے ۔ قبر کو روشن کرنے والی واحد نماز ہے اس کو پابندی سے تھام لو ان شا اللہ خیر ہوگی ، شہر ،قصبوں ،گاؤں گاؤں اور گلی محلوں میں پھیل جاؤ اور چھو ٹو ں سے لیکر بڑوں تک کو دین سیکھنے اور سکھانے کی دعوت دینے والے بن جاؤ، یہی نبیوں کا مشن ہے ۔علاوہ ازیں دوسرے مرحلہ میں تبلیغی مرکز تعلیم سے فارغ التحصیل200 سے زائد طلبہ کی دستار بندی کی گئی اور حسب روایت امیر جماعت مولانا نذالرحمن اور حضرت مولانا ابراہیم دیولہ نے تعلیم سے فارغ ہونے والے طلبا اور طالبات کے اجتماعی نکاح پڑھا ئے ۔ ادھر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بھی عالمی تبلیغی اجتماع کی اختتامی دعا میں خصوصی شرکت کی۔