یورپ جانیکی غیر قانونی کوشش ،شیخوپورہ کے 2 نوجوان جاں بحق
کاشف جٹ اور آصف جٹ لیبیا کے قریب سمندر میں کشتی الٹنے پر ڈوب گئے لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام، سپردخاک، مکینوں کا ایجنٹوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈنکی لگا کر یورپ جانے کی کوشش میں شیخوپورہ کے رہائشی 2نوجوان کشتی الٹنے سے سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ، لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام ۔ تفصیلات کے مطابق اٹلی جانے کی کوشش میں شیخوپورہ کے نواحی گاؤں کجر کے رہائشی 38سالہ محمد کاشف جٹ اور 40 سالہ محمد آصف جٹ لیبیا کے قریب سمندر میں کشتی الٹنے کے باعث ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ، دونوں نوجوان سعودی عرب عمرہ کرنے کے بعد لیبیا گئے اور وہاں سے ڈنکی لگاکر اٹلی جانے کی کوشش کر رہے تھے ،متوفی نوجوانوں کی لاشیں آبائی علاقہ پہنچا دی گئیں جہاں نماز جنازہ کے بعد سپردخاک کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تقریباً ایک ماہ قبل دونوں نوجوانوں نے غیر قانونی طریقے سے اٹلی جانے کیلئے سکنہ کریال جٹووالا تحصیل نوشہرہ ورکاں کے رہائشی ایک ایجنٹ کو 30 لاکھ روپے ادا کئے تھے ،اسی ایجنٹ نے پہلے انہیں سعودی عرب کے ویزے دلائے پھرمصر پہنچایا اور وہاں سے لیبیا منتقل کیا تھاجہاں وہ کشتی حادثہ میں دم توڑ گئے ۔متوفی محمد کاشف ایک بیٹے کا باپ اور محمد آصف تین بیٹوں کا باپ تھا۔ اہلِ علاقہ نے حکومت سے انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔