ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی : مریم نواز کی بچوں کو ہتھکڑیاں لگانے پر سخت برہمی
پولیس کو کم عمر طلبہ کی گرفتاریوں سے روکدیا،سمارٹ کارڈ، موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کافیصلہ وزیراعلیٰ کی یو اے ای کو قومی دن پر مبار کباد، بنوں میں پولیس سکواڈ پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت
لاہور (دنیا نیوز،اے پی پی ، مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کوگرفتار کرکے ہتھکڑیا ں لگانے پرسخت اظہار برہمی، پولیس کو بچوں کی گرفتاری سے روک دیا اورکہا کہ پنجاب میں 16سال کے بچوں کو سمارٹ کارڈ اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت ٹریفک مسائل اور قوانین کی خلاف ورزی کے سدباب کیلئے اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں 16سال کے بچوں کو سمارٹ کارڈ اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا اصولی فیصلہ کیا گیا، اس موقع پر صوبہ بھر میں ٹریفک پولیس کو عوام بالخصوص طلبہ کیلئے ہفتہ آگاہی منانے پر بھی اتفاق کیا گیا، ہیلمٹ نہ پہننے پر پہلی خلاف ورزی کی صورت میں وارننگ چالان ہوگا، ٹریفک کیلئے پہلی مرتبہ ڈرون اور باڈی کیم کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ کم عمر طلبہ یا بچوں سے زیادہ والدین کو ٹریفک قوانین سے متعلق بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ، ٹریفک قوانین عوام کی جان کی حفاظت کیلئے بنائے جاتے ہیں، عوام کو اپنی حفاظت کیلئے عادتوں کو بدلنا ہوگا، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ہر شہری اپنا کردار ادا کرے ۔ مریم نواز نے کہا کہ معصوم بچوں کو نہیں پکڑنا چاہتے مگرقانون کی پاسداری ضروری ہے ، بچوں کا قصور نہیں ہم نے انہیں ہیلمٹ پہننے کی عادت ہی نہیں ڈالی، والدین بچوں کو روڈسیفٹی کیلئے ہیلمٹ کی اہمیت اور ضرورت سے آگاہ کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ٹریفک پولیس عوام کی عزت نفس کا خصوصی خیال رکھے ، بداخلاقی اور بدتمیزی نہ کی جائے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرپولیس کی بھی 2445 گاڑ یاں قانون کی زد میں آگئیں۔
ادھر مریم نوازنے پنجاب کے عوام کی جانب سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای )کے بہن بھائیوں اور بصیرت افروز قیادت کو قومی دن پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شیخ محمد بن زاید النہیان وہ رہنما ہیں جنہوں نے وژن کو حقیقت اور حقیقت کو کامیابی میں بدل کر قیادت کا نیا عالمی معیار قائم کیا،پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا تعلق ایک ایسی اخوت ہے جو سرحدوں کے پیمانے سے ماورا ہے ،لاکھوں پاکستانی اپنی محنت اور صلاحیت سے برادر ملک کی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں، دونوں ممالک کا رشتہ مستقبل میں بھی ترقی، تعاون اور بھائی چارے کے مزید باب رقم کرے گا۔ دریں اثناء وزیراعلی ٰپنجاب مریم نوازنے بنوں میں دہشتگردوں کے پولیس سکواڈ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی اورشہریوں کے جاں بحق ہونے پر لواحقین سے ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا ہے ۔