9 مئی :اسد عمر ، سواتی ،علیمہ و دیگر کی عبوری ضمانتوں میں توسیع
لاہور(کورٹ رپورٹر، آئی این پی )انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کیسز میں نامزد ملزموں اسد عمر ، اعظم سواتی ،شاہ محمود قریشی ، علیمہ خان اور عظمیٰ خان سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔۔۔
عدالت نے ان کی عبوری ضمانت میں 16 جنوری تک توسیع کر دی۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر حاضری کیلئے عدالت پیش ہوئے ، کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کی،عدالت نےملزموں کی عبوری ضمانتوں پر آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لئے ۔اسد عمر نے جناح ہاؤ س حملہ، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش کرنے کے مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے جبکہ اعظم سواتی نے بھی انہیں مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں جمع کروا رکھی ہیں ۔علاوہ ازیں لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے بھی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، دوران سماعت علمیہ خان ، عظمیٰ خان، حافظ فرحت ،اعظم سواتی سمیت دیگر ملزم پیش ہوئے ۔ ملزموں کے وکلا کی مہلت طلب کرنے کی استدعا کو عدالت نے منظور کرلیا اور عبوری ضمانت کی درخواستوں میں 16 جنوری تک توسیع کردی۔ عدالت نے شاہ محمود قریشی کی تین عبوری ضمانت کی درخواستوں پربھی کارروائی سولہ جنوری تک ملتوی کردی۔