ڈی جی آئی ایس پی آر کا ردعمل فطری تھا : خواجہ آصف

ڈی جی آئی ایس پی آر کا ردعمل فطری تھا : خواجہ آصف

عمران اور انکی جماعت نے شناخت بدل لی،وہ پاکستان کیساتھ نہیں کھڑے خان نہیں تو پاکستان نہیں کہنے والوں کو مہاجرین کی داستانیں سنائیں:گفتگو

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کا فوج کے خلاف زبان استعمال کرنا پاکستان دشمنی ہے ، ڈی جی آئی ایس پی آر نے بڑے محتاط انداز میں جواب دیا،جب افراد اور اداروں کیلئے اس قسم کی زبان استعمال کی جائے تو ردعمل ایک فطری نتیجہ ہوتا ہے ،ان کے سوشل اکاؤنٹس سے اداروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے ،یہ شہدا کی قربانیوں کو تسلیم نہیں کرتے ۔ عمران خان اور ان کی جماعت نے اپنی شناخت بدل لی اور اب وہ پاکستان کے ساتھ نہیں کھڑے ، پی ٹی آئی کی واحد نظریہ سازی صرف اقتدار حاصل کرنا تھا۔

خواجہ آصف نے سیالکو ٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے گالیاں دینا اپنا معمول بنا لیا ،ان کی بیرونِ ملک اور اندرونِ ملک قیادت ایک ہی زبان استعمال کر رہی ہے ،ڈی جی آئی ایس پی آر پریس کانفرنس میں ابھی بھی اپنے الفاظ میں محتاط تھے لیکن مجھے آپ کو دوٹوک اور سخت جواب دینے کی آزادی حاصل ہے ۔ شہدا کی قربانیوں کا اعتراف نہ کرنا افسوسناک ہے ،پی ٹی آئی کو دہشت گردوں اور طالبان کی حمایت ترک کردینی چاہئے ۔عمران خان جنگ کے دوران بھی فوجی قیادت کو نشانہ بناتے اورنامناسب زبان استعمال کرتے رہے ،انکی شناخت پاکستان دشمن کی ہے ،سیاست ضرور کریں مگر ملک دشمن بیانیہ اختیار نہ کریں ۔

ان کا کہنا تھا عمران خان کی بہن غیر سیاسی ہیں، انہوں نے بھارتی میڈیا سے جو بات کی کیا وہ کوئی پاکستانی کر سکتا ہے ، کیا اس مٹی کے ساتھ ان کا کوئی رشتہ نہیں ہے ؟۔جو کہتے ہیں خان نہیں تو پاکستان نہیں انہیں مہاجرین کے حوصلوں اور قربانیوں کی داستانیں سنائیں ،قیام پاکستان کیلئے لاکھوں شہید ہوئے ،عصمتیں لٹیں ،سیالکوٹ آئیں آپ کو جموں وکشمیر کے مہاجروں کی قربانیوں کی داستانیں سنواؤں ، مہاجروں نے کس طرح خون کی لکیر کو عبور کرکے پاک سر زمین پر سجدے کئے اوران کاکہناتھاکہ پاکستان نہیں تو ہم نہیں ،یہ وہ نعرہ ہے جو آج دہشت گردی اور بھارت کے خلاف جنگ میں ہمارے شہیدوں اور غازیوں کی زبان پر ہے ، پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں