نیدر لینڈز سے تعلقات کافروغ کاروبار،سرمایہ کاری،سیاحت کونئی جہت دیگا:مریم نواز
آلو کی بہتر پیداوار کیلئے نیدرلینڈز کی شراکت داری انقلاب برپا کر سکتی ، براہ راست فضائی رابطے کی بحالی کی خواہش وزیراعلیٰ سے ڈچ سفیر رابرٹ جان کی ملاقات،ٹیکنیکل ٹریننگ، واٹر مینجمنٹ، تعلیم ،تحقیق میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
لاہور (اے پی پی،دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر تجارت،سرمایہ کاری،زراعت، پانی کے انتظام،موسمیاتی تبدیلی،ٹیکنالوجیکل تعاون اور عوامی روابط کے فروغ پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ڈچ سفیر رابرٹ جان سیگرٹ کی حالیہ تعیناتی پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ملاقات میں اعلیٰ تعلیمی اداروں، ٹیکنیکل ٹریننگ، واٹر مینجمنٹ تعلیم اور تحقیق میں ڈچ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈچ کمپنیوں کی پاکستان میں موجودگی کو سرمایہ کاروں کا اعتماد قرار دیا اور حوصلہ افزائی بھی کی۔ انہوں نے ڈچ ماہرین کی واٹر گورننس اور فلڈ مینجمنٹ میں عالمی شہرت کو سراہا۔ انہوں نے براہ راست فضائی رابطے کی بحالی کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ مریم نواز نے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان اور نیدرلینڈز کے باہمی تعلقات مشترکہ ترقیاتی اہداف پر مبنی ہیں، صوبائی سطح پر پنجاب پاک نیدر لینڈ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے ، نیدرلینڈز پاکستان کا دوسرا بڑا یورپی تجارتی شراکت دار ہے ۔ انہوں نے کہا پنجاب سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرتا ہے ، نیدرلینڈز کی زرعی اور فوڈ ٹیکنالوجی مہارت پنجاب کے ترقیاتی اہداف اور زرعی حکمتِ عملی سے ہم آہنگ ہے ، آلو کی بہتر پیداوار کیلئے نیدرلینڈز کی شراکت داری انقلاب برپا کر سکتی ہے ،ستھرا پنجاب،سمارٹ ایریگیشن اور کلائمیٹ ریزیلینٹ ایگریکلچر جیسے بڑے منصوبوں میں ڈچ تعاون سود مند ہو سکتا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا ڈچ یونیورسٹیوں کے ساتھ مضبوط روابط اور مشترکہ تحقیقی پروگرامز کو فروغ دینا چاہتے ہیں، ڈچ کاروباری وفود کی پاکستان کے تجارتی میلوں میں شرکت حوصلہ افزا ہے ، نیدر لینڈز سے تعلقات کا فروغ کاروبار،سرمایہ کاری اور سیاحت کو نئی جہت دے گا، پنجاب نیدرلینڈز کے ساتھ وسیع، مضبوط معاشی شراکت داری کا خواہاں ہے ۔