معاشی بحران سے نکل چکے، سرمایہ کاری بڑھ رہی : شہباز
ادارہ جاتی اصلاحات سے گڈگورننس میں اضافہ ہو گا،نوجوان قیمتی اثاثہ ہیں نیشنل ریگولیٹری ریفارمز سے مسائل حل ہونگے :خطاب،برطانوی وزیر کی ملاقات
لاہور(اے پی پی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک معاشی بحران سے نکل چکاہے ،ترقی کی جانب رواں دواں ہیں، ادارہ جاتی اصلاحات سے گڈگورننس میں اضافہ ہو گا، نوجوان قیمتی اثاثہ ہیں،فنی ٹریننگ دے کر برسر روزگار کریں گے ۔ نیشنل ریگولیٹری ریفارمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ کاروباری طبقے اور عوام کی جانب سے ان اصلاحات کا مطالبہ گزشتہ کئی دہائیوں سے تھا۔
سرمایہ کار، صنعت کار اور تاجر برادری پیچیدہ قوانین ،غیر ضروری ضوابط اور طویل طریقہ کار سے پریشان تھے، ان اصلاحات سے کاروباری برادری اور عوام کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ملکی معیشت زبوں حالی کا شکار اور نازک صورتحال سے دوچار تھی، ملک مکمل طور پر دیوالیہ ہونے کے دہانے پر کھڑا تھا۔ ہماری حکومت نے امید کا دامن نہیں چھوڑا ، بہتر حکمت عملی سے چیلنجز کا مقابلہ کیا اور پورے ٹیم ورک کے ذریعے دن رات کام کر کے ملک کو اس دلدل سے نکالا۔
اب غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور ملک میں سرمایہ کاری میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ،پشاور سے لے کر کراچی تک معاشی سرگرمیاں جاری ہیں،غیر ملکی ادارے بھی ہماری مثبت پالیسوں کے معترف ہیں ،بہتر حکمت عملی کی بدولت آئی ایم ایف نے 1اعشاریہ 2بلین ڈالر کی قسط کی منظوری دیدی ہے ،جس سے آنے والے دنوں میں معاشی حالات مزید بہتر ہوں گے ۔ قبل ازیں شہباز شریف اور برطانیہ کی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی ترقی بیرونیس چیپمین نے اہم شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے ،دونوں کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول ترقیاتی تعاون، موسمیاتی تبدیلی، اقتصادی تعاون اور وسیع تر علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔