سونا فراڈ کیس کے ملزم کا بیرون ملک فرار کا خدشہ
رواں سال سعودی عرب اور ملائیشیا کا سفر کیا،پاسپورٹ جولائی 2027تک کارآمد تفتیش کررہے ،مزید دعویدار منظر عام پر آنے لگے :پولیس،ایک اور مقدمہ درج
لاہور (نیوز رپورٹر،کرائم رپورٹر )لاہور کی تاریخ میں سب سے بڑے 20کلو سونا فراڈ کیس کے مرکزی ملزم شیخ وسیم اختر کا سال 2025کا بیرون ملک ٹریول ریکارڈ اور پاسپورٹ منظر عام پر آگیا ،وہ کسی ایئرپورٹ سے بیرون ملک روانہ نہیں ہوا تاہم اس کے ڈنکی لگا کر ملک سے فرار کا خدشہ ہے ۔تفصیلات کے مطابق ا چھرہ کی لطیف جیولری مارکیٹ کا تاجر شیخ وسیم اختر ایک ارب سے زائد کا سونا اور 60لاکھ روپے کی کمیٹی لے کر چار دسمبر 2025 کو غائب ہوا۔ٹریول ہسٹری کے مطابق ملزم شیخ وسیم اختر رواں سال 20فروری کو لاہور سے سعودی عرب گیا اور یکم مارچ کو واپس پہنچا، 8نومبر کو لاہور سے ملائیشیا روانہ ہوا اور16نومبرکو واپسی ہوئی ،اس کے بعد وہ کیسی ایئرپورٹ سے بیرون ملک نہیں گیا جس سے اندازہ ہوتاہے کہ وہ پاکستان میں موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم کراچی سے بذریعہ سمندری راستہ دبئی روانہ ہو سکتا ہے یا کوئٹہ سے ایران ڈنکی لگا کر استنبول بھی جا سکتا ہے ،اس کا پاسپورٹ 20جولائی2027تک کارآمد ہے ۔لاہور پولیس نے تاحال ملزم یااس کے خاندان کی بیرون ملک ٹریول ہسٹری نہیں نکلوائی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مدعی مقدمہ کابیان ریکارڈکرکے تفتیش شروع کردی جبکہ اس حوالے سے مزید دعوے دار منظر عام پر آنے شروع ہوگئے ہیں،ایک اور متاثرہ شخص کی مدعیت میں امانت میں خیانت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔مقدمہ دکان مالک کے بھتیجے نور العین کی مدعیت میں 9کروڑسے زائدمالیت کادرج کیاگیا، مدعی کے پھوپھااعجاز نے سونا فروخت کرنے کیلئے ملزم شیخ وسیم کے پاس رکھوایا تھا۔