پاک آرمی نیشنل گیمز کی فاتح، فیلڈ مارشل نے ٹرافی دی

پاک آرمی نیشنل گیمز کی فاتح، فیلڈ مارشل نے ٹرافی دی

آرمی 196، واپڈا 84، بحریہ 34 اور پنجاب نے 16 سونے کے تمغے جیتے اختتامی تقریب میں بلاول کا سی ڈی ایف عاصم منیر کو سندھ کا روایتی تحفہ

 کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں ہونے والی 35ویں نیشنل گیمز میں پاکستان آرمی کی ٹیموں نے 196 گولڈ میڈلز کے ساتھ اپنی برتری اس سال بھی قائم رکھی، اختتامی تقریب میں مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی پاکستان آرمی کونیشنل گیمز جیتنے پر قائداعظم ٹرافی پیش کی۔ قریب ترین حریف واپڈا آرمی کی نسبت آدھے گولڈ میڈل حاصل کر سکی، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اختتامی تقریب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ موجود تھے ۔تعلیمی اداروں کے ہزاروں طلبا اور طالبات ان گیمز کی اختتامی تقریب میں خاص طور سے شامل ہوئے ۔بلاول بھٹو نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سندھ کا روایتی تحفہ دیا جس میں سندھی ٹوپی، اجرک شامل تھی۔

بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں کہاٹیم ورک، حوصلہ، قوانین کا احترام اور چیلنجز کا مقابلہ کرنا صرف کھیلوں کی نہیں بلکہ قومی اقدار کی علامات ہیں۔ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستانی فوج، فضائیہ اور بحریہ نے نہ صرف پیشہ ورانہ مہارت اور ہم آہنگی دکھائی بلکہ ملک کی خودمختاری اور عزت بھی قائم رکھی۔یہ فتح صرف فوجی نہیں بلکہ قومی فتح تھی، جس نے عوام کے اتحاد، قومی نظم و ضبط اور محافظوں کے ساتھ قوم کے تعلق کو ظاہر کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس روح کو کلاس رومز، سٹیڈیمز، تعلیمی اور روزمرہ زندگی میں جاری رکھنے پر زور دیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارا وژن واضح ہونا چاہیے ، ایک ایسا پاکستان جہاں ہر بچے کو ہر صوبے میں کھیل، تعلیم، صحت اور قومی خدمت کے مواقع میسر ہوں، جہاں ٹیلنٹ کو پروان چڑھایا جائے ، نظم و ضبط کی قدر کی جائے اور اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت بنے ۔

انہوں نے تمام شرکا، میڈلسٹ اور صوبوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل گیمز میں بننے والی دوستی اور سیکھے گئے اسباق مستقبل میں قوم کی ترقی اور اتحاد کی راہ ہموار کریں گے ۔نیشنل گیمز میں گزشتہ سال بھی آرمی سب سے آگے تھی اور اس سے پہلے والے سالوں میں بھی مجموعی طور پر آرمی کے کھلاڑی سب سے زیادہ میڈل لے کر گئے ۔ 35 ویں نیشنل گیمزمیں پوائنٹس ٹیبل پر آرمی 196 گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی۔ واپڈا 84 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسری اور بحریہ 36 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہی،پنجاب کا دستہ 16 گولڈ میڈلز کے ساتھ چوتھے نمبر رہا۔مجموعی طورپر آرمی نے 353 ،واپڈا نے 232 اور بحریہ نے 110 میڈلز جیتے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں