حکومت پی ٹی آئی کیساتھ مذاکرات پر رضا مند،بلیک میلنگ نہیں ہونی چاہیے،ہر اقدام کیلئے تیار ہیں:شہباز شریف

حکومت پی ٹی آئی کیساتھ مذاکرات پر رضا مند،بلیک میلنگ نہیں ہونی چاہیے،ہر اقدام کیلئے تیار ہیں:شہباز شریف

سیاسی ڈائیلاگ کی آڑ میں امن و امان کی صورتحال خراب کر نے نہیں دینگے ،ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی ناگزیر :وزیر اعظم وفاقی کابینہ نے ویزا کلیئرینس نظام اور بھنگ سے متعلق قومی ریگولیٹری پالیسی کی منظوری دے دی، نیشنل یونیورسٹی فار سکیورٹی سائنسز اسلام آبادکے بل کی تنسیخ

اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا حکومت پی ٹی آئی کیساتھ مذاکرات پر رضامند ہے لیکن غیر قانونی مطالبات اور بلیک میلنگ نہیں ہونی چاہیے ، ہر اقدام کیلئے تیار ہیں۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا حکومت پاکستان ملکی ترقی وخوشحالی اور سیاسی ہم آہنگی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے پرامن ڈائیلاگ کے اپنے اصولی موقف پر قائم ہے ، قومی اسمبلی میں متعدد بار واضح کر چکا ہوں کہ جائز اور آئینی نکات پر مذاکرات آگے بڑھائے جا سکتے ہیں، پی ٹی آئی کے اراکین کو اسمبلی میں بھی ڈائیلاگ کی دعوت دی جا چکی ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی ناگزیر ہے ، سیاسی ڈائیلاگ کی آڑ میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کر نے کی کسی مذموم کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا پی آئی اے نجکاری کیلئے متعلقہ حکام اور کابینہ ارکان نے بڑی عرق ریزی سے کام کیا۔ سربمہر لفافوں میں بولیاں آئیں اور بولی کا عمل براہ راست دکھایا گیا، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور وزیر خزانہ نے بہترین کاوشیں کیں، سارے مرحلے کو شفاف بنانا انتہائی ضروری تھا۔

انہوں نے کہا فیلڈ مارشل کو سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز ایوارڈ سے نوازا گیا، فیلڈ مارشل کو جو ایوارڈ ملا اس سے پوری قوم کی عزت میں اضافہ ہوا۔شہباز شریف نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قومی کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔وفاقی کابینہ نے پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر آف گرڈ پاور پلانٹس لیوی ایکٹ 2025 کی توسیع تیسرے فریق کی جانب سے کیپٹیو پاور پلانٹس کو گیس کی فروخت پر بھی کرنے کی منظوری دے دی۔پبلک ٹینڈرنگ اور پروکیورمنٹ کے تمام مراحل کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے وفاقی کابینہ نے پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس میں ترامیم کی اصولی منظوری دی۔وفاقی کابینہ نے نیشنل یونیورسٹی فار سکیورٹی سائنسز اسلام آباد 2025 کے بل کی تنسیخ کی منظوری دے دی، وفاقی کابینہ نے قومی اسمبلی میں پرائیویٹ ممبرز بلز اور دیگر قانون سازی کے لیے مؤثر انداز میں مشاورت کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔وفاقی کابینہ نے بھنگ سے متعلق نیشنل کینبیز کنٹرول اینڈ ریگولیٹری پالیسی 2025 کی منظوری دے دی،اس پالیسی کا مقصد ملک میں فارماسوٹیکل اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں نباتاتی پودوں کے استعمال کا فروغ ہے ۔وفاقی کا بینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر ویزا کلیئرینس نظام کی منظوری دے دی۔

اس نظام کا مقصد بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو ایک شفاف اور محفوظ نظام کے تحت ان کے ویزے کے حصول کو آسان بنانا ہے ۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسز کے 20 اکتوبر، 5 نومبر اور 21 نومبرکے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 18 دسمبر، 2025 کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی۔دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سالم البواب الزابی نے ملاقات کی ، اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات کئی دہائیوں سے باہمی احترام، دوستی اور قریبی تعاون پر مبنی ہیں، امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے ، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے ساتھ توانائی، معدنیات، آئی ٹی، ریلوے اور ہوا بازی جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں