عمران سے ملاقات کیلئے بہنوں کا دھرناآپریشن کے بعد ختم
عمران کا مذاکرات نہ کرنیکا پیغام ، یہ ڈرپوک لوگ فوری مذاکرات پر آجاتے :علیمہ
راولپنڈی، اسلام آباد (خبر نگار )بانی پی ٹی آئی عمران کی بہنوں نے فیکٹری ناکہ سے دھرنا 6 گھنٹے بعد ختم کر دیا۔ پولیس نے فیکٹری ناکہ پر آپریشن کیا تو شرکا نے پلاسٹک کے شاپر بطور ڈھال پہن لئے ۔بانی کی بہنیں،کارکنوں سمیت فیکٹری ناکہ سے اٹھ کر گورکھپور کی جانب روانہ ہو گئے ،دھرنا دینے والوں نے جگہ چھوڑ دی ، قبل ازیں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پران کی بہن علیمہ خان اور کارکنوں نے اڈیالہ کے قریب دھرنا دے دیا تھا ۔علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے مذاکرات نہ کرنے کا پیغام دیا ہے ، اب جب عمران خان نے پیغام دے دیا تو اب کوئی مذاکرات کا کہے گا تو وہ بانی کی پارٹی کا نہیں ہوگا۔فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ نے کہا کہ بانی کو قید تنہائی میں رکھا ہے ، یہ بتانہیں سکے کہ بانی کو کیوں قید تنہائی میں رکھا ہے ؟ بانی نے سہیل آفریدی کو کہہ دیا ہے تیاری پکڑو سڑکوں پر نکلیں گے ، ہم یہاں ملاقات کے لیے بیٹھے ہیں، ہم دنیا کو دکھا رہے ہیں ہمارا آئینی حق چھینا جارہا ہے ، بانی پر مینٹل ٹارچر کیا جارہا ہے ، بشریٰ بی بی کو بھی قید تنہائی میں رکھا گیا ہے ، ہم بانی کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے ۔ جب بانی احتجاج کہ کال دیتے ہیں یہ چوری شدہ مینڈیٹ کے ڈرپوک لوگ فوری مذاکرات پر آجاتے ہیں۔راولپنڈی داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ اچکزئی کے پاس اگر مینڈیٹ موجود ہے تو ضرور مذاکرات کریں لیکن اگر علیمہ خان کہہ رہی ہیں کہ کسی کے پاس مذاکرات کے اختیارات موجود نہیں تو ضرو کوئی میسج آیا ہوگا۔