2025:پختونخوا اسمبلی کاکوئی اجلاس ٹائم پر شروع نہ ہو سکا
11مرتبہ اجلاس کورم کی نذر ہوا، چار سیشنز میں 26قوانین منظورہوئے اجلاسوں میں تاخیر اور کورم مسائل ایوان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بنے رہے
پشاور (عامر جمیل) سال 2025 کے دوران خیبر پختونخوا اسمبلی میں گھنٹیاں تو بجتی رہیں تاہم کوئی بھی اجلاس مقررہ وقت پر شروع نہ ہو سکا۔ سال بھر اسمبلی کی کارروائی تاخیر، کورم کی نشاندہی اور طویل مباحث کے باعث خبروں میں رہی۔ دستاویزات کے مطابق سال 2025 میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے مجموعی طور پر چار سیشنز ہوئے ۔ ان سیشنز کے دوران 31 قوانین ایوان میں لائے گئے جن میں سے 26 قوانین منظور جبکہ پانچ قوانین صرف پیش کیے جا سکے ۔ اسی عرصے میں 20 قوانین میں ترامیم پیش کی گئیں جن میں لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل، فنانس بل، خیبر پختونخوا آسان کاروبار بل، خیبر پختونخوا لیگل ایڈ ترمیمی بل اور زرعی انکم ٹیکس بل شامل ہیں۔ سال 2025 کے دوران اسمبلی نے 61 قراردادیں بھی منظور کیں جبکہ آٹھ مواقع پر نقطۂ اعتراض پر بحث کی گئی۔ ایوان میں کورم کی نشاندہی کے باعث 11 مرتبہ اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔ اسمبلی نے صوبے کے آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی منظوری بھی دی۔ اس کے علاوہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار امن جرگہ منعقد کیا گیا جبکہ امن و امان کی صورتحال پر چھ ماہ سے زائد عرصے تک تفصیلی بحث جاری رہی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق قانون سازی کے ساتھ ساتھ اجلاسوں میں تاخیر اور کورم کی کمی جیسے مسائل صوبائی اسمبلی کی مجموعی کارکردگی پر سوالیہ نشان بنے رہے ۔