ن لیگ کے ہوتے کوئی ملک پر بری نظر نہیں ڈال سکتا :احسن اقبال

ن لیگ کے ہوتے کوئی ملک پر بری نظر نہیں ڈال سکتا :احسن اقبال

مسلم لیگ ن سے جب بھی اقتدارچھیناگیا،ملک کو لوٹ مار،بدحالی کا سامنا کرناپڑا معرکہ حق جیت چکے ، اب معرکہ ترقی جیتنا ہے : 119ویں یوم تاسیس پر خطاب

اسلام آباد(دنیا رپورٹ)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اور سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) احسن اقبال نے مسلم لیگ کے 119ویں یومِ تاسیس کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، تقریب میں رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چودھری، انجم عقیل اور راجہ خرم نواز سمیت پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ کا یومِ تاسیس ہماری سیاسی تاریخ، طویل جدوجہد اور قومی عزم کی روشن علامت ہے ۔ انہوں نے مسلم لیگ کے 119ویں یومِ تاسیس پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس جماعت کی بنیاد ایک واضح نظریئے ، مقصد اور قومی شعور پر رکھی گئی تھی۔

احسن اقبال نے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں میں جذبئہ حریت کو بیدار کیا اور 37 خطوط کے ذریعے قائداعظم محمد علی جناحؒ کو مسلمانوں کی آزادی کی جدوجہد کی قیادت سنبھالنے پر آمادہ کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے پاکستان گولی سے نہیں بلکہ دلیل، آئین اور قانون کے ذریعے حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی مسلم لیگ (ن) سے اقتدار چھینا گیا، ملک کو لوٹ مار، بدحالی اور عدم استحکام کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ جب بھی مسلم لیگ (ن) نے قیادت سنبھالی، پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوا،معرکہ حق جیت چکے ، اب معرکہ ترقی جیتنا ہے ۔احسن اقبال نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے ہوتے ہوئے کوئی ملک پر بری نظر نہیں ڈال سکتا اور نہ ہی پاکستان کی افواج پر کوئی میلی نگاہ ڈالنے کی جرات کر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جس کھیل میں مصروف ہے وہ دشمنوں کے ایجنڈے کو تقویت دے رہا ہے ، اس لیے ایسے عناصر کے کھیل کا حصہ نہ بنیں جو پاکستان اور اس کی افواج کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں