6ماہ میں70ارب کے بلا سود قرضے کاروبار بڑھے گا تو مزدور کا چولہا جلے گا:مریم نواز
فنانس سکیم میں 203خواتین کو 1ارب82کروڑ، ایگریکلچر 44اعشاریہ 3ارب کے قرضے جاری 104131 کارڈز آسان کاروبار میں آسانی اور معاشی فروغ کیلئے 4 سپیشل سکیمیں شروع
لاہور (سٹاف رپورٹر )مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کے ویژن اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی کاوشوں سے آسان کاروبار فنانس سکیم نے کامیابیوں کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ کارڈ سکیم کے لئے چھ ماہ کے قلیل رصے میں 70 ارب روپے کے بلا سود قرضے دیئے گئے ۔ پنجاب میں پہلی بار آسان کاروبارکارڈ اور فنانس سکیم سے 108371 بزنس پرموٹ ہوئے جبکہ روزگار کے مواقع بھی بڑھے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اجراء کردہ آسان کاروبارفنانس سکیم کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا۔ پہلے مرحلے میں 4238افراد کو 16 ارب 31 کروڑ روپے بلاسود قرضے مل گئے ۔ پنجاب حکومت نے آسان کاروبارفنانس سکیم میں 203خواتین انٹرپرینیورکوکاروبار کیلئے ایک ارب82 کروڑ روپے لون جاری کیے ۔ ایگریکلچر سیکٹر کو 44 اعشاریہ 3ارب، ٹریڈ سیکٹر کو 33 اعشاریہ 8 ارب، ٹرانسپورٹ سیکٹر کوچار اعشاریہ 27ارب، مینوفیکچرنگ اور دیگر سیکٹرز کو6اعشاریہ 3ارب روپے کے لون دیئے گئے ۔دوسرے مرحلے میں بھی 90ارب روپے کے قرضے ملیں گے ۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر آسان کاروبار میں آسانی اور معاشی فروغ کیلئے 4 سپیشل سکیمیں شروع کی گئیں۔
شمالی پنجاب، وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب کے لئے وزیراعلیٰ آسان کاروبار کی علیحدہ علیحدہ سکیموں کا آغاز کیا گیا۔ ایکسپورٹ کے فروغ کے لئے وزیراعلیٰ آسان کاروبار اورایکسپورٹ فنانس برائے ایس ایم سیز کا اجراء کیا گیا جس سے پانچ کروڑ تک بلا سود قرض ملے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی منفرد آسان کاروبار کارڈ سکیم کے تحت104131 کارڈزجاری کیے گئے ۔آسان کاروبار کارڈ سکیم سے 44ارب روپے کار یکارڈلون دیا گیا۔ وزیراعلیٰ آسان کاروبار سکیم سے چھوٹے دکاندار، گھریلوصنعتیں اور وینڈر مستفیدہورہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ آسان فنانسنگ کا مقصدپنجاب میں کاروبار کے لئے ساز گار ماحول پیدا کرنا ہے ۔ آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ سکیم قائد محمد نواز شریف کا ویژن ہے ۔کاروبار بڑھے گاتو مزدور کا چولہا چلے گا۔چھوٹے بزنس بڑھنے سے اربن اکانومی فروغ پاتی ہے ۔پنجاب میں کاروبار کا بہت پوٹینشل ہے ، بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سابق وزیر اعظم نواز شریف وطن واپس پہنچ گئے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز اور پارٹی قائد نواز شریف چند روز قبل بیرون ملک روانہ ہوئے تھے ، وزیر اعلیٰ اور مسلم لیگ ن کے قائد خصوصی سکیورٹی میں جاتی امرا پہنچے ۔