مفاداتی سیاسی ایجنڈے مستردکردیں:فیلڈمارشل
ملکی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دینگے :عاصم منیر
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا بلوچستان پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے ، مفاداتی سیاسی ایجنڈے مسترد کئے جائیں ، ملکی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 18 ویں قومی ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی ، ورکشاپ کے دوران بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی، سٹریٹجک اہمیت پر غور کیا گیا،فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے ، اُنہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے عوام دوست ترقیاتی اقدامات پر اظہارِ اطمینان کیا اور بلوچستان کی معاشی صلاحیت کو عوام کے فائدے کیلئے بروئے کار لانے پر زور دیا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے پراپیگنڈا بے نقاب کرنے میں سول سوسائٹی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا بلوچستان کے عوام محبّ وطن اور باہمت ہیں، انہوں نے مفاداتی سیاسی ایجنڈوں کو مسترد کرنے کی ضرورت پر زور دیاتاکہ بلوچستان کا مستقبل تمام عوام کے لیے طویل المدتی خوشحالی کی بنیاد پر تشکیل پائے ۔سید عاصم منیر نے کہا بھارت کی سرپرستی میں پراکسیز بلوچستان میں بدامنی پھیلا رہی ہیں، ملکی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، پاکستان کی مسلح افواج اپنے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت کے حمایت یافتہ عناصر بلوچستان میں تشدد کو ہوا دینے اور ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں،سکیورٹی فورسز کی مؤثر اور سخت کارروائیوں کے ذریعے ان مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔فیلڈ مارشل نے کہا صوبے کو دہشت گردی اور بدامنی سے پاک کیا جائے گا،پاکستان کی علاقائی سالمیت کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کریں گے ۔ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ نشست کے اختتام پر کھلے اور بامقصد سوال و جواب کا سیشن ہوا چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے سوالات کے جواب دئیے اور بلوچستان کی ترقی اور سکیورٹی سے متعلق جاری کوششوں پر روشنی ڈالی۔