شفیع جان کی گفتگو قابل مذمت ، اپنی زبان کو لگام دیں، عطا تارڑ
یہ لوگ صرف جنگلی نہیں ، جنگلی جانور اور پختونوں کے نام پر دھبہ، عظمیٰ بخاری
اسلام آباد ،لاہور(نمائندہ دنیا ، نامہ نگار ،نیوز ایجنسیاں ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے عظمیٰ بخاری سے متعلق معاون خصوصی خیبرپختونخوا شفیع اللہ جان کے بیان کو غیر شائستہ اور قابل مذمت قرار دے دیا۔عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شفیع اللہ جان کی ویڈیو بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انتہائی گھٹیا گفتگو پہلے بھی کی گئی اور اب بھی کی جا رہی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ اہم عہدے پر بیٹھے شخص کو اس قسم کی زبان زیب نہیں دیتی۔ان لوگوں سے کہوں گا زبان کو لگام دیں۔ بہن بیٹیوں کی عزت کرنا سیکھیں ورنہ ہمیں عزت کرانا بھی آتی ہے ۔سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے معاون خصوصی اطلاعات کے پی شفیع جان کا ٹویٹ ری ٹویٹ کیا اور کہا کہ یہ بیان پی ٹی آئی کے زہریلے کلچر کی عکاسی ہے ، ایک ایسا ذہن جو عمران خان کی قیادت میں تشکیل پایا۔انہوں نے کہا کہ ان کا کلچر خواتین کو غیر انسانی بنا کر پیش کرتا ہے ، تشدد کو جائز ٹھہراتا ہے اور عورت سے نفرت کو سیاسی رویے کے طور پر قبول کرتا ہے ، یہ سب اتفاقیہ نہیں ہے ؛ یہ سکھایا جاتا ہے ، اسے فروغ دیا جاتا ہے ۔وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے شفیع جان کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف جنگلی نہیں، بلکہ جنگلی جانور ہیں۔ گٹر ذہنیت اور غلیظ زبان رکھنے والے ایسے عناصر پختونخوا اور پختون برادری کے نام پر بدنما دھبہ ہیں، جن کے رویے نہ سماجی اقدار سے مطابقت رکھتے ہیں اور نہ انسانی تہذیب سے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کرداروں پر افسوس سے زیادہ ترس آتا ہے ، جو اپنی تربیت کا اظہار بدزبانی کی صورت کرتے ہیں۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مجھے اس شخص کی والدہ اور گھر کی خواتین سے دلی ہمدردی ہے ۔ ایسے کردار گھر کی تربیت کو بدنام کرتے ہیں۔