پختونخوا کے عوام نے فیلڈ مارشل کو 2025 کا ہیرو قرار دے دیا

پختونخوا کے عوام نے فیلڈ مارشل کو 2025 کا ہیرو قرار دے دیا

شخصیت ،قیادت سے امریکی صدر بھی متاثر ،متعدد بین الاقوامی فورمز پر تعریف کی جرات مندانہ قیادت، تاریخی فیصلے ،عوام کا سید عاصم منیر کوزبردست خراجِ تحسین

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) خیبرپختونخوا کے عوام نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو 2025 کا ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان نے قومی سلامتی، خودمختاری، معیشت اور بین الاقوامی وقار کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں ۔عوامی حلقوں کے مطابق 2025 میں سید عاصم منیر نے ایسے جراتمندانہ اور موثر اقدامات کئے جنہوں نے نہ صرف پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ بنایا بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کے موقف کو مضبوط کیا ۔2025 میں جو فیصلے اور حکمتِ عملی فیلڈ مارشل نے اپنا ئی وہ دنیا کا کوئی طاقتور کمانڈر بھی نہ کر سکا۔

فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے بھارت کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان عسکری لحاظ سے ایک مضبوط، منظم دفاعی قوت ہے ، جو اپنی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔عوامی آرا کے مطابق فیلڈ مارشل کی موثر ملٹری سفارتکاری کے باعث پاکستان کی سٹرٹیجک اہمیت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا اور پاکستان ایک بار پھر بین الاقوامی فیصلوں میں اہم فریق کے طور پر ابھرا ۔سید عاصم منیر کی جانب سے مہنگائی پر قابو پانے ، معاشی استحکام کے لئے کردار ادا کرنے اور بڑے ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں، جن کے مثبت اثرات عام شہریوں تک پہنچنا شروع ہو گئے ۔

عوامی حلقوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ فیلڈ مارشل کی شخصیت اور قیادت سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی متاثر دکھائی دئیے ، جنہوں نے متعدد بین الاقوامی فورمز پر منتخب الفاظ میں فیلڈ مارشل کی قیادت اور صلاحیتوں کی خصوصی تعریف کی ،عوام نے دعا کی ہے کہ 2026 میں بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اسی عزم، جرات اور حکمت کے ساتھ پاکستان کی قیادت کرتے رہیں اور ایسے کارنامے انجام دیں جن پر پوری دنیا پاکستان کی تعریف کرے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں