نیو یارک کے میئر ممدانی کا قرآن پاک پر حلف

نیو یارک کے میئر ممدانی کا قرآن پاک پر حلف

تقریب میں سبکدوش میئر ، اہلیہ ،والدین،ان کے سیاسی ہیرو برنی سینڈرز کی شرکت ،دو بار حلف اٹھایا یہ سب سے بڑا اعزاز ، ہم ہمیشہ کامیاب نہیں ہو سکتے ، لیکن کوشش کرنیکی ہمت پر الزام نہیں لگے گا:ممدانی

نیویارک (رائٹرز،اے ایف پی)امریکی شہر نیویارک کے نومنتخب پہلے مسلمان میئر زہران ممدانی نے قران مجید پر عہدے کا حلف اٹھا لیا۔نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیا جیمز نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں ان کی اہلیہ راما دواجی، والدہ میرا نائر اور والد محمود ممدانی کے علاوہ خاندان کے دیگر افراد نے شرکت کی ۔ تقریب میں نیویارک کے سبکدوش ہونے والے میئر ایرک ایڈمز نے بھی شرکت کی۔ زہران ممدانی کے دفتر کے مطابق تاریخی سٹی ہال سب وے اسٹیشن کے سادہ مقام کا انتخاب ان کے محنت کش طبقے سے وابستگی کی علامت ہے ۔۔زہران ممدانی نے حلف اٹھانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ واقعی ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزازہے ۔ اس موقع پر انہوں نے شہر کے لیے ایک تجربہ کار سٹی پلانر مائیک فلن کو نیویارک کا نیا ٹرانسپورٹیشن کمشنر تعینات کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ نیویارک کے پبلک ٹرانزٹ نیٹ ورک کو پوری دنیا کے لئے قابل رشک بنانا چاہتے ہیں۔مامدانی نے کہاہم ہمیشہ کامیاب نہیں ہو سکتے ، لیکن کوشش کرنے کی ہمت پر کبھی الزام نہیں لگے گا۔ میں جمہوری سوشلسٹ کے طور پر منتخب ہوا اور جمہوری سوشلسٹ کے طور پر حکومت کروں گا۔مامدانی نے شہر کے 112 ویں میئر کے طور پر حلف اٹھا کر دلیری سے حکومت کرنے کا عزم کیا ۔

انہوں نے اپنے حلف برداری کے بعد کہا کہ وہ اپنے ترقی پسند ایجنڈے پر قائم رہیں گے ، جس میں یونیورسل چائلڈ کیئر، 20 لاکھ کرایہ داروں کے کرایے منجمد اور سٹی بسوں کو مفت بنانے کے وعدے شامل ہیں۔ مامدانی نے شہریوں کو یقین دلایا کہ وہ تمام نیویارک کے شہریوں کے لیے کام کریں گے اور اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔جمعرات کے روز ہی دوپہر کے وقت ایک بجے سٹی ہال میں ایک عوامی تقریب میں ممدانی نے بہت ہی شاندار روایتی انداز میں دوبارہ حلف اُٹھایا اور یہ حلف ان کے سیاسی ہیروز میں سے ایک امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے لیا۔ممدانی نے حلف برداری کے بعد کہااگر آپ نیویارک کے شہری ہیں، تو میں آپ کا میئر ہوں۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ وہ اپنی ترقی پسندانہ مہم کے وعدوں پر قائم رہیں گے ، جس میں یونیورسل چائلڈ کیئر پروگرام، تقریباً دو لاکھ کرایہ داروں کے کرایے منجمد اور سٹی بسوں کو مفت اور تیز بنانے کے وعدے شامل ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں