سرگودھا،علی پور میں5ہزار6سوایکڑ پر شرمپ سٹیٹ کا قیام:روز گار کے مواقع پیدا ہونگے،مریم نواز
پاکستانی ماہرین کی سعودیہ اور میکسیکو سے خصوصی ٹریننگ، کوالٹی کنٹرول لیبارٹری پر99فیصدکام مکمل 100انٹرنز کے امتحانات ہوچکے ،بنجر اور سیم زدہ زمینوں کو پہلی بار قابل استعمال بنایا جا رہا ،وزیراعلیٰ
لاہور(دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پنجاب میں بلیواکانومی اور آبی حیات کے فروغ کیلئے سرگودھا اور علی پور میں 5ہزار 600 ایکڑ پر شرمپ سٹیٹ بنائی جائے گی۔ سرگودھا میں شرمپ فارمنگ (جھینگے پالنے )کے منصوبے کی ترقی کے لئے 20 ایکڑ اراضی پر9 تالاب بن چکے ہیں جبکہ 5,320 میٹر ڈرینج کی تعمیر بھی مکمل کر لی گئی۔ اگلے مرحلے میں مزید 10 ایکڑ اراضی پر شرمپ فارمنگ کے لئے سروے بھی ہوچکا ہے ۔ ساڑھے 4 ارب روپے کی لاگت سے لاہور میں کوالٹی کنٹرول لیبارٹری پر99فیصدکام مکمل ہوگیا۔مظفرگڑھ میں تحقیق اور شرمپ فارمنگ کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی کی لیبارٹری کے قیام کا 98 فیصد کام بھی مکمل ہوچکا ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے بنجر اور سیم زدہ زمینوں کو شرمپ فارمنگ کے ذریعے پہلی بار قابل استعمال بنایا جا رہا ہے ۔شرمپ فارمنگ کے آغاز سے پنجاب کی برآمدات میں بڑا اضافہ ہو گا۔
انہوں نے کہا منصوبے سے ہزاروں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ پنجاب میں بلیو اکانومی کا اب تک کا سب سے بڑا منصوبہ ہے ۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر شرمپ فارمنگ کے فروغ کے لیے پاکستانی ماہرین کو سعودی عرب اور میکسیکو میں خصوصی ٹریننگ کرائی گئی ہے ۔ شرمپ فارمنگ کے فروغ کے لیے عملے کی فراہمی کا عمل بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔ فارمنگ کی ٹیکنیکل تربیت کیلئے غیر ملکی ماہرین جیفری اور جیمی ڈومین سیک بھی پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔ شرمپ فارمنگ پراجیکٹ کے لیے 100 انٹرنز کے تحریری امتحانات کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے ۔ 32 ٹیوب ویلوں اور 8 ٹرانسفارمرز کی تنصیب کر لی گئی ہے ۔ریسرچ کے لئے 64 تالابوں میں شرمپ کا سیڈ ڈالا گیا تھا۔ سرگودھا کے چک نمبر 58 میں 124 ایکڑ اراضی پر شرمپ سٹیٹ اور ویلیو چین قائم ہوگی جبکہ 57 تالاب کی کھدائی مکمل کر لی گئی۔ رکھ علی ولی مظفرگڑھ میں 2 ہزار 507 ایکڑ اراضی کی صفائی اور ہموار کرنے کا عمل مکمل کر لیا گیا۔ 57 تالابوں اور 50 ٹیوب ویلز کی کھدائی کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے ۔