وفاقی افسروں کی صوبائی اسامیوں پر تعیناتی ،حکومتی مؤقف کیلئے متعلقہ محکمے سے جواب طلب
لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی میں وفاقی افسروں کی صوبائی اسامیوں پر تعیناتی کے خلاف پیش کی گئی تحریکِ التواء پر پیش رفت سامنے آ گئی ہے ۔ اسمبلی سیکرٹریٹ نے تحریک پر حکومتی مؤقف حاصل کرنے کے لیے متعلقہ محکمے سے باضابطہ جواب طلب کر لیا ۔
اسمبلی ذرائع کے مطابق تحریکِ التواء کار محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کو ارسال کر دی گئی ہے ۔ حکومتی جواب موصول ہونے کے بعد تحریک کو دوبارہ ایوان میں بحث کے لیے پیش کیا جائے گا۔یہ تحریک مشترکہ طور پر 13 حکومتی ارکانِ اسمبلی کی جانب سے جمع کروائی گئی تھی۔تحریک کے متن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب میں صوبائی اسامیوں پر مسلسل وفاقی افسروں کی تعیناتی آئینی اور گورننس بحران کو جنم دے رہی ہے ۔