دہشتگرد تحریک انصاف کے مائی باپ،پیسے کماکر دیتے:وزیراطلاعات:دہشتگردی پر سیاست ملک دشمنی،پی ٹی آئی

دہشتگرد  تحریک انصاف  کے  مائی  باپ،پیسے  کماکر دیتے:وزیراطلاعات:دہشتگردی  پر سیاست  ملک  دشمنی،پی ٹی آئی

یہ ٹی ٹی پی کے حملے سے مستثنیٰ ،سیاسی اختلاف کی آڑ میں خواتین کو نشانہ بنانا شرمناک :عطا تارڑ ، پریس کانفرنس دہشتگردی میں اضافہ حکمرانوں کی ناکامی ، پختونخوا نے زیادہ قربانیاں دیں، نمائندوں پرالزام بزدلانہ عمل ، ترجمان

اسلام آباد(آئی این پی، مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے خیبرپختونخوا حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ٹی ٹی پی سے حملے نہ کرنے کا استثنیٰ لیا ہوا ہے ، یہ ٹی ٹی پی سے ڈرتے ہیں، وہ ان پر حملے نہیں کرتی۔جمعہ کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک غیرت مند، بہادر اور باوقار عوام کے حامل صوبے پر ایسی حکومت مسلط ہے جس کی سوچ محدود اور رویہ افسوسناک ہے ، سیاسی اختلاف کی آڑ میں خواتین کو نشانہ بنانا نہ صرف شرمناک بلکہ بزدلی کی واضح علامت ہے ، اور یہ طرزِ عمل کسی مہذب معاشرے میں قبول نہیں کیا جا سکتا۔عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نعرہ لگاتے ہیں عشق بانی پی ٹی آئی میں ماراجاؤ ں گا، آپ کا کوئی سرکاری وزیر بھی خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں علاج نہیں کراتا، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گرد ان کے مائی باپ ہیں، دہشت گرد ان کو پیسے کماکردیتے ہیں، یہ دہشتگردی کو فروغ دیتے ہیں، ہم صحت،تعلیم کے بجٹ پر آپ سے جواب ضرور مانگیں گے ، آپ کے پاس کوئی جواب نہیں، آپ کا سارافوکس ہے کہ دہشتگردوں کو کچھ نہ کہو، دہشتگردوں کے بارے میں کہتے ہیں کوئی پتھر سے نہ مار ے میرے دیوانے کو۔

انہوں نے پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے حوالے سے استعمال کیے گئے الفاظ پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی مرد کو یہ زیب نہیں دیتا ۔عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بعض سیاسی حلقوں کی جانب سے ترسیلات زر کے بائیکاٹ کی اپیل کے باوجود اوورسیز پاکستانیوں نے وطن سے وابستگی کا ثبوت دیا ۔ادھر تحریک انصاف نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا دہشتگردی کی سہولت کاری کے الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی عوامی مہم سے خوفزدہ ہو کر الزامات لگائے جا رہے ہیں، دہشتگردی قومی مسئلہ ہے اس پر سیاست ملک دشمنی کے مترادف ہے ۔ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 2 سے 3 سال میں دہشتگردی میں اضافہ موجودہ حکمرانوں کی ناکامی ہے ، خیبر پختونخوا نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں، صوبے کے نمائندوں پر دہشتگردی کا الزام بزدلانہ عمل ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ حکومت کی نااہلی کا واضح ثبوت ، ریکارڈ ترسیلات زر حکومتی کارکردگی نہیں عوامی مجبوری کا نتیجہ ہے ۔خیبر پختونخوا میں تعلیم کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ پی ٹی آئی کا کارنامہ ہے ۔ پنجاب حکومت نے صحت کارڈ جیسی سہولت بند کر کے عوام سے حق چھینا۔ خیبر پختونخوا کی یونیورسٹیز کا مالی بحران وفاقی ایچ ای سی کے فنڈز کی بندش کا نتیجہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں