سندھ حکومت سمجھ دار ، جلسے کی اجازت کا خیر مقدم ، علیمہ
پنجاب حکومت مینڈیٹ چور ، اسلئے ظلم کرتی ،13جنوری کو جیل کے باہر ختم قرآن ہوگا اچکزئی نے کال دی 8فروری کو پورا پاکستان بند کرینگے ، عمران کو نکالیں گے ، گفتگو
راولپنڈی (خبر نگار )بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عوام عمران خان کے ساتھ ہیں، ہم انہیں جیل سے نکالیں گے ، پورا پاکستان بند کریں گے ، نہیں چلنے دیں گے ۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ میرے وارنٹ جاری کیے گئے ،جج خود چھٹی پر چلے گئے ۔ہم اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان سے ملاقات نہیں، رہائی کے لیے بیٹھتے ہیں ، بس بہت ہوگیا، عمران خان کو رہا کیا جائے یہ قوم کی آواز ہے ۔علیمہ خان کا کہنا تھا کہ منگل 13 جنوری کو اڈیالہ جیل کے باہر ختم قرآن پاک کریں گے ۔ ہزاروں قرآن پاک کے ساتھ سب جیل کے باہر قرآن خوانی کریں گے ۔ اس کے بعد شہیدوں، قیدیوں اور پاکستان کے لیے دعائیں ہوں گی۔انہوں نے کہا سندھ حکومت سمجھ دار ہے ، جلسے کی اجازت دے کر اچھا اقدام کیا، ہم اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پنجاب حکومت مینڈیٹ چور ہے ، اس لیے ظلم کرتی ہے ۔
لاہور میں ہمارے کارکن کے گھر پر چھاپا مار کر اسے قتل کیا گیا۔ بشریٰ بی بی اور بانی کا کیس اس لیے نہیں لگا رہے تاکہ ضمانت نہ ہو۔بانی پی ٹی آئی کی بہن کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی نے 8 فروری کی کال دی ہے ، ہم پورا پاکستان بند کریں گے ، نہیں چلنے دیں گے ۔ علیمہ خان نے کہا اللہ سے دعا کریں گے کیوں کہ اللہ کے پلان کے آگے کوئی پلان نہیں چلتا۔اچھی بات ہے کہ سندھ حکومت راستے نہیں روک رہی۔ پنجاب میں عوامی مینڈیٹ والی حکومت نہیں ، اس لیے راستے روکے گئے ہیں۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ کی رخصت پر ہونے کے باعث علیمہ خانم ودیگر کے خلاف درج مقدمے کی سماعت بغیر کسی عدالتی کارروائی کے 12 جنوری تک ملتوی کردی گئی ۔