ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کی بولی مسترد، نئے سرے سے نجکاری
مقررہ 13.55 ارب کے مقابلے 4.2ارب کی واحد بولی آنے پر عمل روکا گیا نیا فنانشل ایڈوائزر مقرر کیا جائیگا،روزویلٹ ہوٹل کیلئے بھی دوبارہ تقرری ہوگی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مشیر نجکاری محمد علی کی زیرصدارت نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس ہوا، جس دوران ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی (ایچ بی ایف سی ایل )کی نجکاری نئے سرے سے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جبکہ نجکاری کا موجودہ عمل ختم کر دیا گیا۔اعلامیہ کے مطابق ایچ بی ایف سی ایل کے 51 فیصد حصص کی فروخت منسوخ کر دی گئی، صرف ایک بولی موصول ہونے پر نجکاری عمل ختم کرنے کی سفارش کی گئی ، پی ایم آر سی ایل کی 4اعشاریہ 2 ارب روپے کی بولی مسترد کر دی گئی، حکومت کی مقررہ قیمت 13اعشاریہ 55 ارب روپے تھی۔ایچ بی ایف سی ایل کی نجکاری نئے سرے سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے ، نجکاری کیلئے نیا فنانشل ایڈوائزر مقرر کیا جائے گا۔نجکاری کمیشن کے مطابق روزویلٹ ہوٹل نیویارک کی نجکاری کیلئے بھی نیا عمل شروع ہو گا، روزویلٹ ہوٹل کیلئے فنانشل ایڈوائزر کی دوبارہ تقرری کا فیصلہ کیا گیاہے ، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نجکاری پروگرام میں شامل کر لیا گیا ۔اعلامیہ کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ کی کنسیشن ماڈل کے تحت نجکاری کی سفارش کی گئی جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے فنانشل ایڈوائزر پر مذاکرات کی منظوری بھی دیدی گئی ۔ اجلاس میں حکومتی سطح پر براہ راست جی ٹوجی معاہدہ کا آپشن مسترد کر دیا گیا ۔حیسکو اور سیپکو کی نجکاری کیلئے ٹرانزیکشن کمیٹی قائم کر دی گئی، اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈسکوزکی نجکاری عملدرآمد کے مرحلے میں داخل ہوگئی، نجکاری کے تمام مراحل میں شفاف اور مسابقتی عمل کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔