نئے سال کے پہلے ہفتے میں مہنگائی میں اضافہ
آٹا، چکن، لہسن،پیاز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا: ادارہ شماریات
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں )نئے سال کے پہلے ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.12 فیصد کا اضافہ ہوا،مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 3.20 فیصد ہوگئی۔ایک ہفتے میں 21اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 8 اشیا سستی اور 22 کی قیمتیں مستحکم رہیں ۔ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے 21 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 8 اشیا سستی ہوئیں۔ گندم کے آٹے (20 کلو تھیلا) کی قیمت میں 113 روپے 61 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد فی تھیلے کی قیمت 2354 روپے ہو گئی۔ چکن 12 روپے 45 پیسے اورلہسن 10 روپے 51 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 29 روپے 83 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر مہنگی ہونے والی اشیاء میں چینی، بریڈ، جلانے کی لکڑی، گڑ اور چاول شامل ہیں۔ آلو فی کلو 1 روپے 9 پیسے سستا ہوا۔ پیاز فی کلو 1 روپے 77 پیسے مہنگا ہوا جبکہ انڈے ، ٹماٹر، کیلے ، دال ماش اور مسور کی قیمتیں کم ہوئیں۔