پنجاب میں شوگرسیس نافذ ،چینی10روپے مہنگی،160روپے کلو فروخت

پنجاب میں شوگرسیس  نافذ ،چینی10روپے  مہنگی،160روپے  کلو  فروخت

اوپن مارکیٹ میں50 کلو کا تھیلا 7 ہزار 500 روپے کا ہوگیا،ایکس مل ریٹ 135 روپے فی کلو ہے سیس 5 روپے سے کم کر کے دیگر صوبوں کے برابر کیا جائے ،نقصان اُٹھانا پڑ رہا : شوگرملز ایسوسی ایشن

لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )پنجاب حکومت کی جانب سے شوگر سیس کے نفاذ کے بعد لاہور کی اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت 10 روپے اضافے سے 160 روپے فی کلو ہوگئی، مارکیٹ ذرائع کے مطابق چینی کی قیمت 150 روپے ہونی چاہیے تھی۔اکبری منڈی  میں چینی کا 50 کلو کا تھیلا اضافے کے بعد 7 ہزار 500 روپے کا ہوگیا، چینی کا ایکس مل ریٹ 135 روپے فی کلو ہے ۔واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے یکم جنوری سے 40 کلو چینی پر 5 روپے شوگر سیس نافذ کیا ، شوگر سیس میں ڈھائی روپے شوگر مل اور ڈھائی روپے کسان ادا کرے گا ۔پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے شوگر کین ڈویلپمنٹ سیس 1964 سے لاگو ہے اور یہ ٹیکس ہر کرشنگ سیزن میں گنے پر عائد ہوتا ہے ۔تاہم یہ چینی کی پیداواری لاگت میں شامل ہوتا ہے ۔ یہ ٹیکس گنے کی کھیتوں سے ملوں تک کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت، پلوں کی تعمیر اور گنے کی فصل پر تحقیق و ترویج کیلئے استعمال میں لایا جاتا ہے ۔شوگر ملوں کو گنے کے کاشتکاروں کی طرف سے شکایات ہیں کہ یہ سیس نہ صرف دوسرے صوبوں سے زیادہ ہے بلکہ ضلعی حکومتیں شوگر کین سیس کا بجٹ وصول تو کر لیتی ہیں مگر اسے قانون میں دئیے گئے مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جاتا اور متعلقہ سڑکوں کی حالت ابھی بھی خراب ہے ۔تاہم پاکستان میں چینی پر دنیا میں سب سے زیادہ ٹیکس وصول کیا جاتا ہے مثلاََصرف سیلز ٹیکس 18 فیصد ہے جبکہ بھارت میں 5 فیصد ، تھائی لینڈ میں 7 فیصد اور چین میں 13 فیصد سیلز ٹیکس وصول کیا جاتا ہے ۔شوگر انڈسٹری کی چینی بنانے کی لاگت پہلے ہی بہت بڑھ گئی ہے ۔ چینی کی قیمتیں اسکی لاگت سے کافی زیادہ کم ہیں اور ملوں کو نقصان اُٹھانا پڑ رہا ہے ۔ سندھ اور خیبرپختونخوا میں بھی اس وقت گنے پر شوگر کین سیس پنجاب سے بہت کم ہے اور شوگر انڈسٹری حکومت سے درخواست کرتی ہے کہ پنجاب میں بھی گنے پر سیس 5 روپے سے کم کر کے دیگر صوبوں کے برابر کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں