عمران آج باہر آجائیں تو عوام انہیں ووٹ دینگے :نجم سیٹھی
سیاستدانوں کے خلاف بننے والے کرپشن کیسز میں سے 50فیصد صحیح یہ نہ سمجھیں عمران خان بالکل معصوم ہیں :’’آج کی بات سیٹھی کیساتھ‘‘
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ عام طور پر بڑے بڑے سیاستدانوں کے خلاف بننے والے کرپشن کیسز میں سے 50 فیصد صحیح ہوتے ہیں، مگر ان کوثابت کرنا اتنا آسان نہیں ہوتا ، عمران خان کے خلاف بھی یہی صورتحال ہے ،ان کے خلاف جو کرپشن کیسز ہیں ان میں جان ہے مگرسیاسی وجہ سے وہ امپلیمنٹ نہیں ہورہے ،سزا دے بھی دیں اس کاکوئی فرق نہیں پڑے گا،اگر آج عمران خان باہر آجائیں تو عوام ان کو ووٹ دیں گے کیونکہ عوام سمجھتے ہیں ان پر کیسز سیاسی اورجعلی ہیں۔دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘ آج کی بات سیٹھی کے ساتھ ’’میں نیب کے کیسز بارے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں کئی لوگوں پر نیب کے کیسز بنا کر ان کو اندرکردیا تھا، 50 فیصد کیس صحیح اور50 فیصد جعلی تھے ، عمران خان نے اپنے مخالفین کو اندر رکھا،اسی طرح عمران خان کے خلاف ایسے کیس ہیں،میرے خیال میں کیس 50 فیصد صحیح ہیں،50 فیصد جعلی ہیں،پتانہیں بانی پی ٹی آئی کیخلاف کتنے کیس ہیں ،ان کو جیل میں رکھنے کیلئے ۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان نے غلط کام کئے ،عمران خان کے سپورٹرز کو بھی اس بات کا احساس ہے کہ یہ بات تو ہوئی ہے مگر وہ ماننے کو تیار نہیں ،وہ یہ سمجھتے ہیں عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ،خان صاحب کرپشن کرنہیں سکتے ،یہ نہ سمجھا جائے کہ عمران خان بالکل معصوم ہیں ۔نجم سیٹھی نے محسن نقوی کے وزیراعظم بننے کے حوالے سے کہا کہ شہباز شریف اگر وزیراعظم نہیں بننا چاہتے تو پھر محسن صاحب آجائیں مگر جب تک شہبازشریف ہیں وہی وزیر اعظم رہیں گے اور ابھی محسن نقوی نے بیان دیا ہے کہ ہم ایک پیچ پر ہیں، تو پھر شہباز شریف ہی ٹھیک ہیں۔