اپوزیشن لیڈرتقرر،پی ٹی آئی کی رواں ہفتے چیئرمین سینیٹ سے ملاقات
اسلام آباد (سید قیصر شاہ)ایوانِ بالا میں قائدِ حزبِ اختلاف کی تقرری کے لیے پاکستان تحریکِ انصاف رواں ہفتے اپوزیشن ممبران کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کرے گی۔
ملاقات کے دوران قائدِ حزبِ اختلاف کی تقرری کے لیے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا جائے گا اور آئینی و قانونی تقاضے پورے کرنے کی باضابطہ درخواست کی جائے گی۔پی ٹی آئی ایوانِ بالا میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ہے اور اسے دیگر اپوزیشن جماعتوں کی حمایت بھی حاصل ہے ۔ قائدِ حزبِ اختلاف کی تقرری میں تاخیر کی صورت میں پی ٹی آئی نے رواں ماہ ہونے والے سینیٹ اجلاس میں بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔احتجاجی حکمتِ عملی کے تحت اجلاس سے واک آؤٹ، کورم کی نشاندہی اور ایوان میں قائدِ حزبِ اختلاف کی تقرری کے مطالبے پر احتجاج کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے پی ٹی آئی نے اپوزیشن کے دیگر ممبران سے رابطے شروع کر دئیے ہیں تاکہ اجلاس کے دوران مشترکہ احتجاج کو یقینی بنایا جا سکے ۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں بھی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر قائدِ حزبِ اختلاف کی تقرری کے لیے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرے گی۔ دونوں ایوانوں میں قائدِ حزبِ اختلاف کی تقرری تک احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔