پنجاب بھر میں آج سے سرکاری کالج کھل جائینگے :محکمہ ہائر ایجوکیشن
لاہور(خبر نگار )پنجاب کے سرکاری کالجز میں موسم سرما کی تعطیلات میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا، جس کے بعد آج (پیر)سے صوبہ بھر کے سرکاری کالجز میں تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے مطابق کالجز میں موسم سرما کی تعطیلات 10 جنوری تک مقرر تھیں، جو اپنے شیڈول کے مطابق ختم ہو چکی ہیں۔محکمہ تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ کالجز کیلئے تعطیلات میں توسیع سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات درست نہیں، اور تمام سرکاری کالجز آج سے معمول کے مطابق کھل جائیں گے ۔ طلبہ و طالبات کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے کالج انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔دوسری جانب محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق صوبہ بھر کے سرکاری و نجی سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات 17 جنوری تک جاری رہیں گی، جس کے بعد سکول مقررہ شیڈول کے مطابق کھلیں گے ۔تعلیمی حلقوں کے مطابق کالجز اور سکولوں کیلئے علیحدہ علیحدہ تعطیلاتی شیڈول کے باعث طلبہ اور والدین کو واضح رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ کسی قسم کی کنفیوژن پیدا نہ ہو۔