سرکاری اداروں میں کرپشن :نیب کو نشاندہی کا ٹاسک

سرکاری اداروں میں کرپشن :نیب کو نشاندہی کا ٹاسک

ایف آئی اے ، ایف بی آر سمیت متعلقہ اداروں کا تعاون لینے کاحکم

اسلام آباد(ایس ایم زمان)وزیراعظم شہبازشریف نے قومی احتساب بیورو(نیب )کو وفاقی اداروں میں کرپشن کے حوالے سے نیشنل رسک اسسمنٹ آن  کرپشن(National Risk Assessment on Corruption ) رپورٹ تیار کرنے کاحکم دے دیا ۔ وزیراعظم نے نیب کو نیشنل رسک اسسمنٹ میں کرپشن کرنے والے سرفہرست دس حکومتی و سرکاری اداروں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کردی ۔ وفاقی حکومت نیب کی رپورٹ کی روشنی میں کرپشن کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان تیار کرے گی۔ وزیراعظم نے نیب کو کرپشن کے حوالے سے نیشنل رسک اسسمنٹ رپورٹ کی تیاری میں اینٹی منی لانڈرنگ و کمبائٹنگ فنانسنگ ٹیر ر ازم اتھارٹی،ایف آئی اے ، ایف بی آر، وزارت خزانہ، آڈیٹرجنرل پاکستان، کنٹرولر جنرل اکاوئنٹس اور متعلقہ اداروں کا تعاون لینے کاحکم دیاہے ۔

وزیراعظم نے نیب کو وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اورمحکموں میں کرپشن کے حوالے سے نیشنل رسک اسسمنٹ رپورٹ تیار کرنے کیلئے جون2026 کا ہدف دیاہے ، رپورٹ میں مالی کرپشن کے علاوہ سرکاری اداروں کی خریداری میں بے ضابطگیاں، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں کرپشن اور بے ضابطگیاں، حکومتی ملکیتی اداروں میں اختیارات کاغلط استعمال ، حکومتی و سرکاری اداروں میں گورننس کی خامیاں اور غلط استعمال، مالی وانتظامی امور کی نگرانی میں خامیاں ، شفایت اورمیرٹ کافقدان، سیاسی اثرورسوخ،ترقیاتی منصوبوں اور سرکاری اداروں میں سیاسی بنیادوں پر اخراجات سمیت دیگر امور پررپورٹ تیار کی جائے گی ۔نیب سرکاری اداروں میں کرپشن کے طریقہ کار اور اقسام کے حوالے سے بھی رپورٹ تیار کرے گا۔ نیب کرپشن میں سرفہرست10اداروں کی نشاندہی کرکے کرپشن کے نظام کے حوالے سے رپورٹ تیار کرے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں