سیاسی قوتوں کو مل کر ریاست کے مفاد میں کام کرنا ہوگا،فیصل راٹھور
راولپنڈی (نیوز رپورٹر،نیوز ایجنسیاں )آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر حکومت راجہ یسین کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔
وفد نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، گلدستہ پیش کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران آزاد جموں و کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، عوامی مسائل، ترقیاتی امور اور خطے کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو مل کر ریاست کے وسیع تر مفاد میں کام کرنا ہوگا تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا مؤثر اور پائیدار حل نکالا جا سکے ۔ ادھر وزیراعظم سے میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے صدر عمر شہزاد جرال کی قیادت میں جموں کشمیر ہاؤس میں ملاقات کی۔ فیصل راٹھور نے کہا کہ حکومت آزاد جموں و کشمیر میں صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں معصوم بچی آصفہ بانو کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ بھارتی ریاستی دہشت گردی اور نام نہاد جمہوریت کے کھوکھلے دعوؤں کا واضح ثبوت ہے ۔ فیصل راٹھور نے نجی ہسپتال میں صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود کی عیادت کی ۔