ریاستی املاک جلانے والوں کو رعایت نہیں ملے گی:عظمیٰ

ریاستی املاک جلانے والوں کو رعایت نہیں ملے گی:عظمیٰ

گالی ،بدتمیزی ،جھوٹ سے ریاست کو بلیک میل کرنے کی سیاست نہیں چلے گی پنجاب فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ میں ناقابلِ تردید ثبوت سامنے آ گئے :بیان

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ فساد، توڑ پھوڑ اور ریاستی املاک جلانے اوران کو نقصان پہنچانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ گالی، بدتمیزی اور جھوٹ کے ذریعے ریاست کو بلیک میل کرنے کی سیاست  اب مزید نہیں چلے گی، قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔پشاور میں ریڈیو پاکستان، ٹول پلازہ اور ایمبولینسز کو آگ لگانے کے واقعات سازش کا حصہ تھے ، جن کے ناقابلِ تردید ثبوت پنجاب فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ میں سامنے آ چکے ہیں، ان واقعات کی منصوبہ بندی خود ان عناصر نے کی، جن کے بیانات بشمول مراد سعید ریکارڈ پر موجود ہیں۔عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے شواہد پہلے بھی قوم کے سامنے رکھے گئے تھے مگر پی ٹی آئی قیادت نے ہمیشہ کی طرح حقائق کو جھٹلانے اور جھوٹے بیانیے گھڑنے کا راستہ اختیار کیا۔ جھوٹ بولنا ان کی عادت ہی نہیں بلکہ ایک دائمی بیماری بن چکی ہے ، جس سے نجات ممکن نظر نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ جناح ہاؤس میں گھس کر توڑ پھوڑ کرنے والے افراد کوئی عام لوگ نہیں تھے بلکہ پی ٹی آئی کے آفس بیریئرز اور ٹکٹ ہولڈرز تھے ، اس کے باوجود مسلسل یہ جھوٹا بیانیہ بنایا گیا کہ یہ سب ایک’’فالس فلیگ آپریشن‘‘تھا۔ یہاں تک کہ ان کے بانی کے بیانات بھی ریکارڈ پر موجود ہیں کہ اگر ناقابلِ تردید ثبوت سامنے آئے تو وہ معافی مانگیں گے ، مگر ثبوت پر ثبوت آنے کے باوجود ان پر کوئی اثر نہیں ہوا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ میں پشاور کے تمام واقعات کی مکمل فرانزک، ویڈیوز اور تصاویر کے ساتھ موجود ہے ،یہ تمام ثبوت کسی بھی عدالت میں قابلِ قبول ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں