اسلام آباد :شادی والے گھر گیس لیکیج دھماکا،دولہا،دلہن سمیت8افراد جاں بحق،12زخمی

اسلام آباد :شادی والے گھر گیس لیکیج دھماکا،دولہا،دلہن سمیت8افراد جاں بحق،12زخمی

4 گھر متاثر ، 3 مکمل تباہ ، 20افراد ریسکیو ،جاں بحق ہونے والوں میں دولہے کی والدہ بھی شامل، زخمی پمز منتقل متاثرہ مسیحی خاندا ن کی بارات گجرات سے واپس آئی تھی ، صدر ، وزیراعظم ، وزیر داخلہ کا واقعے پر اظہار افسوس

اسلام آباد (دنیا نیوز،خصوصی رپورٹر، اے پی پی) اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں شادی والے گھر گیس لیکیج سے دھماکا، دو لہا،دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 4 گھر متاثر ، 3 مکمل طور پر تباہ ہو گئے ،گھروں سے مجموعی طور پر 20 افراد کو ریسکیو کیا گیا جن میں سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ایڈیشنل ڈی سی نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری ہسپتال منتقل کیا گیا، واقعہ کے بعد پمز میں ہائی الرٹ کردیا گیا ، اے ڈی سی صاحبزادہ یوسف نے مزید بتایا کہ دھماکا شادی والے گھر میں ہوا، د ولہا اور مہمان بھی گھر میں موجود تھے ، جاں بحق ہونے والوں میں دو لہا، د و لہے کی والدہ اور دلہن بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا ، تاہم جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملبے کی چیکنگ کی جا رہی ہے ، دھماکے کی وجوہات کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ، اس علاقے میں سلنڈر کا استعمال بھی معمول ہے ، پولیس کے مطابق مرنے والوں میں اسلم مسیح کی اہلیہ جوراں بی بی،شکیل ولد نامعلوم،شیری حنیف ولد حنیف مسیح دو لہا ،دلہن مہک ،نعیم ولد یعقوب مسیح ، وسیم ولد یعقوب مسیح کی شناخت ہوئی ۔

زخمیوں کو پمز، پولی کلینک اور برن سینٹر منتقل کیا گیا ، زخمیوں میں کاشف ولد جاوید، سلمیٰ،مختاراں بی بی، عامر، نعیم کی اہلیہ فرزانہ ،سنیل کی بیٹی ،وسیم کی بیٹی مریم،وسیم کی بیوی ربطا،آریان ولد وسیم،اعجاز مسیح ولد سعید اور 7 سالہ بچی عینا شامل ہیں ، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق دھماکا بظاہر گیس لیکیج سے ہوا، دھماکے میں 3 مکان مکمل طور پر زمین بوس ہو گئے ، زیادہ تر زخمی ملبے تلے دبنے ،جھلسنے سے جاں بحق ہوئے ،جائے وقوعہ سے گیس پائپ لائن گیس کنکشنز کے سیمپل اکٹھے کر لئے گئے ،گلی تنگ ہونے کی وجہ مشینری جائے وقوعہ پر پہنچنے میں دشواری کا سامنا رہا ، پولیس اور ریسکیو نے فوری طور پر جائے وقوعہ کو سیل کر دیا ، مزید حادثات سے بچنے کے لئے علاقے کی گیس اور بجلی کی فراہمی عارضی طور پر منقطع کر دی گئی ،مزید تحقیقات ضلعی انتظامیہ پولیس، فرانزک ٹیمیں اور گیس کمپنیاں مل کر کریں گی ، سی ڈی اے کی تحقیقاتی ٹیم نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کر کے دو گھروں کو سیل کردیا ۔ترجمان پمز ڈاکٹر انیزہ جلیل نے کہا کہ ای ڈی پمز کی ہدایت پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ، 11 زخمیوں کو پمز لایا گیا، زخمیوں میں دو بچے بھی شامل ہیں، آرتھو پیڈک، برن سینٹر اور نیورو ڈیپارٹمنٹ میں زخمیوں کا علاج جاری ہے ، دھماکے کے زخمیوں کو چھت گرنے سے زیادہ زخم آئے ۔ایک زخمی کو سٹی ہسپتال منتقل کیا گیا جس کو طبی امداد فراہمی کی جا رہی ہے ۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ حادثہ گیس لیکیج کی وجہ سے ہوا، ہم مکمل تحقیقات کرکے وجہ معلوم کریں گے کہ ہوا کیسے ہے ۔

چیف کمشنر نے کہا کہ ہدایات کے مطابق متاثرہ گھروں کے لوگوں کو محفوظ جگہ پر منتقل کریں گے ، کیپیٹل ایمرجنسی سروس نے واقعہ کی ابتدائی رپورٹ مکمل کرلی ۔سی ڈی اے ملازم شیری کی گزشتہ روز بارات تھی، گزشتہ روز د ولہا شیری بارات لے کر گجرات گیا، رات کو ڈیڑھ بجے بارات واپس پہنچی ۔ سردی کی وجہ سے رات گئے تک گھر میں ہیٹر جلتا رہا، رات گئے گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ہیٹر بند ہوگیا، گیس دوبارہ آنے پر تنگ و تاریک گلیاں و گھر ہونے کی وجہ سے گیس گھر میں بھر گئی، صبح سویرے ناشتے کے لئے خواتین اٹھیں، دیا سلائی جلاتے ہی دھماکاہوگیا۔ ادھر صدرِ مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔وزیرِ اعظم نے وزیرِ صحت، سیکرٹری صحت اور پمز انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے سیکرٹری داخلہ کو واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم بھی دیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ورثائکے غم میں برابر کے شریک ہیں، زخمیوں کو ہرممکن طبی امداد فراہم کی جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں