مود ی سن لو ، کشمیر آتش فشاں ، جلد پھٹنے والا ہے ، مشال ملک
معرکہ حق میں تم نے ابھی ٹریلر دیکھا ، مکمل فلم بہت جلد آنے والی ہے عوام یاسین ملک کی رہائی، حق خودارادیت کیلئے سا تھ دیں ،راولپنڈی میں خطاب
راولپنڈی (دنیا نیوز)کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ مودی سن لو ، کشمیر آتش فشاں پہاڑ ہے جو بہت جلد پھٹنے والا ہے ۔ راولپنڈی کے علاقے پرانا قلعہ اور بازار کلاں کے دورے کے موقع پر شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے مشال ملک کا کہنا تھا کہ غازی یاسین ملک تنہا مودی کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے ، کشمیر کے لیے آپ سب سٹریٹ فائٹرز ہیں ۔ اُمید ہے جو تحریک راولپنڈی سے چلے گی نتیجہ دے گی ۔یاسین ملک حق کی جنگ لڑ رہا ہے ، زندہ رہا تو غازی اور مار دیا گیا تو شہید کہلائے گا ۔مشال ملک نے کہا مودی! جلد بڑا پیغام آنے والا ہے ، تم نے معرکہ حق میں ابھی ٹریلر دیکھا ہے ،بہت جلد مکمل فلم آنے والی ہے ۔ 28 جنوری کو یاسین ملک پھانسی کیس کی سماعت ہے ،ہم پورے پاکستان میں عوام رابطہ مہم چلانے جا رہے ہیں ۔ اُنہوں نے یہ جو دہشت گردی ہے اس کے پیچھے مودی ہے کے نعرے لگوا ئے ۔ انہوں نے کہا میرا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ،آپ یاسین ملک کی رہائی اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے سا تھ دیں۔