مہنگائی نہ رکی ، مرغی، آٹا، چینی ،سبزیاں پہنچ سے باہر
چکی آٹا 160، چینی 190، گھی 590،چھوٹا گوشت 2500 روپے فی کلو پھل بھی مہنگے ، انار 1000، انگور 800روپے کلو، کیلا 130 کے درجن ہو گئے
اسلام آباد (سید قیصر شاہ)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود مہنگائی میں اضافہ ہونے لگا۔ مہنگائی کے جاری ہوشربا طوفان نے متوسط اور تنخواہ دار طبقے سمیت عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ۔ سالِ نو کے پہلے ہی ماہ میں مرغی کا گوشت 680 روپے ،چکی کا آٹا 160 روپے ، چھوٹا گوشت 2500 روپے اور بڑا گوشت بغیر ہڈی 1600 روپے کلو تک پہنچ گیا جبکہ اعلیٰ درجے کا گھی 590 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے ۔سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ ٹماٹر 100 روپے ، پیاز 90 سے 120 روپے ، آلو 50 روپے ، ادرک 500 روپے ، لہسن 400 روپے ، چونگاں 1000 روپے ، ٹینڈا 250 روپے ، مٹر 120 روپے ، شملہ مرچ 220 روپے ، کھیرا 120 روپے ، شلغم بغیر پتے 100 روپے ، پھول گوبھی 60 روپے ، بند گوبھی 150 روپے ، کریلے 180 روپے ، اروی 200 روپے ، بھنڈی 170 روپے ، بیگن 180 روپے اور سبز توری 180 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے ۔پھل بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔ سیب 300 روپے ، سفید سیب 200 روپے ، ٹافی انگور 650 روپے ، سندرخانی انگور 800 روپے اور انار 1000 روپے کلو میں دستیاب ہیں۔ انڈے 380 روپے اور کیلا 130 روپے درجن فروخت ہو رہا ہے ۔دیگر اشیائے خورونوش میں دیسی شکر 280 روپے ، گڑ 260 روپے ، دال ماش 520 روپے ، چنے 480 روپے ، باسمتی چاول 380 روپے ، چینی 190 روپے ، چائے کی پتی 540 روپے (دو سو گرام)، سرخ مرچ 800 روپے ، درجہ اول گھی 590 روپے ، سرف 550 روپے اور دال چنا 320 روپے کلو فروخت کی جا رہی ہے ۔ تازہ دودھ کی قیمت بھی بڑھ کر 250 روپے فی لٹر تک پہنچ گئی ہے جبکہ دیگر روزمرہ استعمال کی اشیا بھی مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔