ترسیلات زر میں اضافہ، دسمبر میں 3.6ارب ڈالر سے متجاوز
نومبر سے 13فیصد زیادہ، مالی سال 2023-24 کے دسمبر میں 3.1 ارب ڈالر تھیں سعودی عرب سے 813ملین، یو اے ای 726ملین،امریکا 302ملین ڈالر بھیجے گئے
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان کی ترسیلات زر میں تاریخی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، جو ملکی معیشت اور عالمی اعتماد کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے ۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر دسمبر 2025میں 3.6ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں جو دسمبر 2024کے 3.1ارب ڈالر کے مقابلے میں 17فیصد زیادہ اور نومبر 2025 کے 3.2 ارب ڈالر کے مقابلے میں 13 فیصد زائد ہیں، مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے بتایا کہ ریکارڈ ترسیلات زر کی بدولت مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی میں مجموعی ترسیلات 19.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 41 فیصد زیادہ ہیں۔مالی سال 2026 میں مجموعی ترسیلات زر 41 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے ۔ سعودی عرب سے پاکستانیوں کی جانب سے سب سے زیادہ 813 ملین ڈالر ترسیل ہوئی جبکہ متحدہ عرب امارات سے 726 ملین ڈالر، برطانیہ سے 560 ملین ڈالر اور امریکا سے 302 ملین ڈالر پاکستان بھیجے گئے ۔ دسمبر 2025 میں مجموعی طور پر بیرونِ ملک پاکستانیوں کی ترسیلات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔