سری لنکا نے پاکستان کو ہرا کر ٹی ٹونٹی سیریز برابر کردی
بارش کے باعث تاخیر کا شکار سیریز کا آخری میچ 12، 12 اوورز تک محدود کردیا گیا سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے 160 رنز بنائے ،پاکستان 8 وکٹوں پر 146 رنز بناسکا
دمبولا(سپورٹس ڈیسک)سری لنکا نے 3میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کے آخری میچ میں پاکستان کو 14 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔دمبولا سٹیڈیم میں ٹی ٹونٹی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کا ٹاس بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا،متاثرہ میچ 12، 12 اوورز تک محدود کردیا گیا۔سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 161 رنز کا مشکل ہدف دیا۔ داسن شناکا نے 9 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے ۔ محمد وسیم نے 3 اوورز میں 54 رنز کی پٹائی برداشت کی، ہدف کے تعاقب میں پاکستان 8 وکٹوں پر 146 رنز بنا سکا۔ کپتان سلمان آغا نے برق رفتار 12 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیلی ۔ سیریز کا دوسرا میچ بارش کی نذر ہوگیاتھا۔