ثابت ہوگیا ریڈیو پشاور پر منصوبہ کے تحت حملہ ہوا:عظمیٰ بخاری
فرانزک رپورٹ میں تصدیق ہوگئی سہیل آفریدی، کامران بنگش حملے میں ملوث تھے 9 مئی واقعات فراموش نہیں کرینگے ،ذمہ دار کٹہرے میں لائیں گے :وزیر اطلاعات
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی دھمکیوں، انتشار اور سازشوں کے باوجود پاکستان مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی جامع اور آزاد تحقیقات سے یہ بات ثابت ہو چکی کہ 9 مئی کو پشاور میں ریڈیو پاکستان پر حملہ ایک منظم اور منصوبہ بند کارروائی تھی، فرانزک رپورٹ میں تصدیق ہو گئی سہیل آفریدی، کامران بنگش، تیمور جھگڑا، عرفان سلیم اور آئی ایس ایف کے عامر چمکنی ریڈیو پاکستان پر حملے ، آتشزنی اور سرکاری املاک کی تباہی میں براہِ راست ملوث تھے ،9 مئی کے واقعات فراموش نہیں کرینگے ،ذمہ دار کٹہرے میں لائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں عظمٰی بخاری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا طرزِ سیاست دنگا، فساد اور توڑ پھوڑ پر مبنی رہا ہے ،حالیہ دنوں کراچی میں وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے میڈیا پر پتھراؤ کیا اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا جو ان کے انتشار پسند رویے کا واضح ثبوت ہے ۔وزیر اطلاعات نے کہا فرانزک رپورٹ کے مطابق پشاور سے حاصل 16 ویڈیوز کا تفصیلی فرانزک تجزیہ کیا گیا جن میں کسی قسم کی ایڈیٹنگ یا چھیڑ چھاڑ کے شواہد نہیں ملے ،9 مئی کا واقعہ سوچی سمجھی سازش تھی، جس کا ہدف ریاستِ پاکستان، قومی ادارے اور عوامی املاک تھے ،یہ کیس اس وقت پشاور کی عدالت میں زیرِ سماعت ہے اور شواہد کی بنیاد پر سخت قانونی کارروائی، حتیٰ کہ نااہلی جیسے اقدامات بھی متوقع ہیں۔ وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ ریاست جھوٹے بیانیے، سیاسی ڈراموں اور انتشار کے سامنے نہیں جھکے گی۔
بانی پی ٹی آئی نے خود دعویٰ کیا تھا کہ اگر توڑ پھوڑ فرانزک سے ثابت ہو گئی تو وہ معافی مانگیں گے ، مگر واضح شواہد سامنے آنے کے باوجود آج تک کسی قسم کی شرمندگی یا معذرت سامنے نہیں آئی ۔سوالات کے جوابات دیتے ہوئے عظمٰی بخاری نے کہا کہ پشاور، لاہور اور دیگر شہروں میں توڑ پھوڑ کی فوٹیجز موجود ہیں ، کور کمانڈر ہاؤس کی تصاویر اور ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آ چکیں ،جن افراد کو ابتدا میں ایجنسیوں سے جوڑا جا رہا تھا وہ بعد میں خود پی ٹی آئی کے کارکن نکلے ، مراد سعید کی آڈیوز بھی موجود ہیں جن میں وہ ہدایات جاری کرتے سنائی دیتے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللہ، احسن اقبال اور خواجہ آصف کے خلاف مقدمات قائم کئے جبکہ مسلم لیگ (ن)نے کبھی سیاسی انتقام کی سیاست نہیں کی،خیبر پختونخوا میں 70 فیصد سکول بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔