احتجاج کیس:علیمہ کے وکیل کی جرح مکمل ،17 گواہ آج طلب

احتجاج کیس:علیمہ کے وکیل کی جرح مکمل ،17 گواہ آج طلب

سواتی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی ، پی ٹی آئی کارکنوں کی ضمانت میں توسیع یاسمین راشد کا الیکشن پٹیشن فیصلے کی مصدقہ کاپی کیلئے الیکشن ٹربیونل سے رجوع

راولپنڈی، اسلام آباد ، لاہور (خبر نگار ،اپنے نامہ نگار سے ، کورٹ رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک )بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان اور دیگر کے خلاف 26 نومبر 2024ء احتجاج کے مقدمہ کی سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ اڈیالہ جیل کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ علی شاہ کی شہادت پر ملزمہ کے وکیل نے جرح مکمل کرلی۔ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے استغاثہ کے 17 گواہوں کو جرح کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت آج بدھ تک ملتوی کردی۔تھانہ صادق آباد میں درج مقدمہ کی سماعت کے موقع پر جرح کے دوران وکیل صفائی اور پراسیکیوشن کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔کیس پر سماعت اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے کی۔ادھر انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے اعظم سواتی اور پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف 26 نومبر احتجاج کیس میں مسلسل غیر حاضر ملزموں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی۔کیس کی مزید سماعت13فروری تک ملتوی کر دی۔

سیشن کورٹ لاہور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سزاؤں کے خلاف سٹرک بلاک کر کے احتجاج کرنے کے مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنما یاسر گیلانی اور منظور انصاری کی عبوری ضمانت میں 20 جنوری تک توسیع کردی۔ایڈیشنل سیشن جج عرفان احمد نے عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی،ملزم یاسر گیلانی اور منظور انصاری حاضری کے لیے عدالت پیش ہوئے ،عدالت نے دلائل سننے کے بعد عبوری ضمانت میں 20 جنوری تک توسیع کرتے ہوئے وکلاء کو دلائل کے لیے آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔این اے 130 میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی نواز شریف کے خلاف پٹیشن مسترد ہونے پر الیکشن پٹیشن کے فیصلے کی مصدقہ کاپی لینے کے لیے الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرلیا گیا ۔سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے وکیل رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن پٹیشن پر 30 دسمبر کو فیصلہ سنایا گیا۔مصدقہ کاپی نہ ملنے سے مقررہ وقت میں اپیل دائر کرنے کا حق متاثر ہو رہا ہے ، استدعا کی گئی کہ ٹربیونل فیصلے کی مصدقہ کاپی فوری جاری کرنے کا حکم دے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں